
باغپت، 26 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے باغپت ضلع میں جاری سیاسی بیان بازی کے درمیان پوسٹر وار نے صورتحال کو مزید گرم کر دیا ہے۔ بدھ کے روز دہلی-سہارنپور قومی شاہراہ کے قریب سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو کے خلاف اشتعال انگیز زبان والے پوسٹر اور بینر لگائے گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی قائدین اور کارکنان مشتعل ہوگئے۔
ایس پی کے سابق ضلع صدر بلّو پردھان سمیت کئی لیڈر جائے وقوعہ پر پہنچے اور احتجاج میں پوسٹر اور بینر پھاڑ دیئے۔ ایس پی لیڈروں نے اسے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
بلو پردھان نے بینر لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ کارروائی ”چونی سے روپیہ “بنانے والے بیان پر د جاری سیاسی تنازعہ کے درمیان کی گئی ہے۔
دریں اثنا راشٹریہ لوک دل ( آر ایل ڈی ) کے ضلع صدر سبھاش گرجر نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سیاست آر ایل ڈی کا نظریہ نہیں ہے اور جس نے بھی یہ حرکت کی ہے، اس کی نشاندہی کی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
غور طلب ہے کہ اکھلیش یادو اور جینت چودھری کے درمیان حالیہ بیان بازی نے اتر پردیش کے مغربی علاقے میں سیاسی کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔ پوسٹر تنازع نے سیاسی ماحول کو مزید گرم کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد