
جموں 26 اگست (ہ س): جموں ٹریفک پولیس نے نمبر پلیٹ سے چھیڑ چھاڑ کرکے شناخت چھپانے اور چالان سے بچنے کی کوشش کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف خصوصی مہم تیز کر دی ہے۔ گزشتہ تین دن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 50 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق متعدد گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر ٹیپ، پینٹ، پولی تھین اور دیگر اشیا کا استعمال کرکے نمبرز کو چھپایا گیا تھا، تاکہ ٹریفک کیمروں میں گاڑی کا نمبر واضح طور پر نظر نہ آئے۔ ایسی گاڑیوں کو موقع پر ضبط کرکے پولیس لائن منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی ٹریفک جموں امت بھسین نے بتایا کہ نمبر پلیٹ میں جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ کارروائی کے دوران ایسے کئی دو پہیہ گاڑی بھی سامنے آئے جن پر پہلے سے بڑی تعداد میں چالان زیر التوا تھے۔
ڈی ایس پی ٹریفک سٹی ساؤتھ سنایا وانی کے مطابق ایک اسکوٹی پر 90 سے زائد پرانے چالان پائے گئے، جسے ضبط کر لیا گیا۔ اس سے قبل جانی پور میں کارروائی کے دوران ایک بُلٹ موٹر سائیکل بھی پکڑی گئی تھی جس پر 109 چالان درج تھے۔
ٹریفک پولیس افسر نے کہا کہ نمبر پلیٹ پر ٹیپ لگانا، اسے پولی تھین سے ڈھانپنا، پینٹ کرنا یا نمبرز کو بگاڑنا محض چالان سے بچنے کی کوشش نہیں بلکہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی گاڑی چلانے والے کی نیت غلط نہیں ہے تو نمبر پلیٹ چھپانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ پولیس نے شہریوں سے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹ واضح رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر