
چنڈی گڑھ، 26 اگست (ہ س)۔
چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف چنڈی گڑھ کانگریس نے بدھ کے روز سیکٹر-35 میں انوکھا احتجاج کیا۔ پارٹی کی جانب سے لوگوں میں مفت ایک ایک کلو چینی کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ ان پیکٹوں پر کانگریس کا انتخابی نشان ’پنجہ‘ بھی چھپا ہوا تھا۔
چنڈی گڑھ کانگریس کے صدر ایچ ایس لکی نے بتایا کہ پروگرام میں تقریباً 25 ٹن چینی لوگوں میں تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ لکی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عام لوگوں کو راحت دینے کے لیے چینی کی قیمتوں میں جلد کمی کی جائے۔ پروگرام میں مفت چینی ملنے کی اطلاع آس پاس کے علاقوں میں پھیلتے ہی دھنّاس، منی ماجرا اور مولی جاگر ن سمیت کئی علاقوں سے لوگ سیکٹر-35 پہنچنے لگے۔ کچھ ہی دیر میں موقع پر کافی بھیڑ جمع ہوگئی۔ بھیڑ بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کے درمیان ہنگامہ بھی ہوا اور چینی کے کچھ پیکٹ پھٹ گئے۔
ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ تقسیم شروع ہونے کے تقریباً 10 منٹ کے اندر ہی چینی ختم ہوگئی۔ کئی لوگوں نے شکایت کی کہ انہیں چینی نہیں مل سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ تقسیم کاو¿نٹر تک پہنچے تو وہاں موجود لوگوں نے چینی ختم ہونے کی اطلاع دی۔
کانگریس لیڈر سکھویندر سنگھ نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو مالی مدد فراہم کرنا نہیں بلکہ حکومت کی توجہ مہنگائی کی جانب مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عام خاندانوں پر بوجھ بڑھ رہا ہے اور حکومت کو اس سمت میں جلد اقدامات کرنے چاہئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ