
علی گڑھ، 25 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ چیف ڈیولپمنٹ آفیسر یوگیندر کمار کی صدارت میں وکاس بھون میں زرعی برآمدات کو فروغ دینے کے سلسلے میں ضلع سطحی کلسٹر سہولت یونٹ کی میٹنگ ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو علی گڑھ سے آلو اور باسمتی دھان کے کلسٹر تشکیل دے کر زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2026-27 میں جولائی 2026 تک علی گڑھ سے 92,253.448 میٹرک ٹن مصنوعات برآمد کی جاچکی ہیں، جس سے 3,639.453 کروڑ روپے کی غیر ملکی زرِمبادلہ حاصل ہوا ہے۔ جبکہ مالی سال 2025-26 میں تقریباً 2,05,661 میٹرک ٹن مختلف مصنوعات برآمد کرکے 6,495 کروڑ روپے سے زائد کی غیر ملکی زرِمبادلہ حاصل کی گئی۔
سی ڈی او نے کہا کہ زرعی برآمدات کی پالیسی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ کسانوں اور فصل پیدا کرنے والوں تک پہنچایا جائے۔ افسران علاقے کا دورہ کرکے کسانوں کو کلسٹر تشکیل دینے کے فوائد سے آگاہ کریں اور زیادہ سے زیادہ کسانوں، ایف پی او اور ایف پی سی کو اس سے جوڑیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ باسمتی چاول علی گڑھ کا جی آئی رجسٹرڈ پروڈکٹ ہے اور اس کے 600 سے زائد مجاز صارفین بنائے جاچکے ہیں۔ باسمتی چاول کے ایک کلسٹر کی تشکیل کے لیے درخواست کا فزیکل ویری فکیشن جاری ہے، جس کے بعد علی گڑھ کے چاول کی برآمد کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
اے پی ای ڈی اے کے بزنس ڈیولپمنٹ منیجر ستیہندر سنگھ لودھی نے زرعی برآمدات کے طریقۂ کار، ضروری رجسٹریشن، برآمدی ضوابط اور بین الاقوامی بازاروں تک رسائی کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے افسران، ایف پی او، ایف پی سی نمائندگان اور برآمد کنندگان موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ