
علی گڑھ، 25 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طلبا لیڈر اور سماج وادی پارٹی کے علی گڑھ شہر کے جنرل سکریٹری محمد عثمان خان نے آج پریس کانفرنس میں اے ایم یو کی رائڈنگ فیلڈ کی زمین پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے لگائے گئے بورڈ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سخت مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ رائڈنگ فیلڈ کی زمین 1925 سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حصے میں ہے، جبکہ میونسپل کارپوریشن کا قیام 1994 میں ہوا۔ اگر یہ زمین میونسپل کارپوریشن کی تھی تو گزشتہ 32 برسوں کے دوران اس نے اپنی ملکیت کا دعویٰ کیوں پیش نہیں کیا۔
عثمان خان نے کہا کہ زمین کو لے کر اگر کوئی تنازع تھا تو قانونی طریقۂ کار کے تحت پہلے اے ایم یو کے متعلقہ محکمہ کو نوٹس دیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے لگائے گئے بورڈ کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے سے 10 دن کے اندر بورڈ نہیں ہٹایا گیا تو وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ موقع پر جاکر بورڈ اکھاڑ دیں گے۔
محمد عثمان خان نے الزام لگایا کہ انتخابات کے وقت اے ایم یو کو سیاسی مسئلہ بناکر علی گڑھ کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ