
دھار، 24 اگست (ہ س)۔ ساون کے چوتھے پیر کو مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کے کوکشی پولیس اسٹیشن کے علاقے میں نرمدا کا پانی لینے جارہے عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کا اسٹیئرنگ فیل ہونے پر گاڑی قابو سے باہر ہو گئی اور پل سے گر گئی۔ اس واقعے میں تقریبا 20 افراد زخمی ہوئے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام شدید زخمیوں کو بڑوانی ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ساون کے چوتھے پیر کو دھار ضلع میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ عقیدت مندوں سے بھری ایک ٹریکٹر ٹرالی ککشی پولیس اسٹیشن کے علاقے کے تحت نسر پور چوکی کے کڈمال گاوں سے تقریبا ایک کلومیٹر دور واقع پل سے نیچے گر گئی۔ حادثے میں تقریبا 20 افراد زخمی ہوئے۔
موصولہ معلومات کے مطابق، تقریبا 30 عقیدت مند ماں نرمدا کا پانی لینے چکھلدا کی طرف جانے کے لیے کانوڑ یاترا پر نکلے تھے۔ جیسے ہی ان کی ٹریکٹر ٹرالی کڈمال گاو¿ں کے قریب پل پر پہنچی، گاڑی کا اسٹیئرنگ اچانک فیل ہو گیا۔ ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا اور تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی سیدھی پل سے نیچے گر گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ککشی پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور مقامی دیہاتیوں کی مدد سے راحت اور بچاو کا کام شروع کر دیا۔ پولیس اور گاوں والوں نے سخت کوششوں کے بعد زخمیوں کو گاڑی سے نکالا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 20 یاتریوں کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں بہتر علاج کے لیے بڑوانی ڈسٹرکٹ اسپتال بھیج دیا گیا۔ ککشی پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجہ کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی