
جے پور، 23 اگست (ہ س):۔
آئندہ انتخابات کے حوالے سے پیپلز گرین پارٹی (پی جی پی) نے اپنی حکمت عملی واضح کرتے ہوئے پورے راجستھان میں انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے قومی نائب صدر نسیم انصاری نے کہا کہ پارٹی اب صرف منتخب علاقوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ریاست کے تمام اضلاع اور اسمبلی حلقوں میں تنظیم کو وسعت دے کر انتخابات لڑے گی۔
انصاری نے کہا کہ پارٹی کا مقصد راجستھان کے ہر علاقے میں عوام سے براہِ راست جڑنا اور ایسے سیاسی نظام کو مضبوط کرنا ہے، جس میں عام شہری، کسان، مزدور، نوجوان، خواتین اور محروم طبقات مو¿ثر انداز میں اپنی آواز اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام طویل عرصے سے موجود سیاسی متبادلوں کے درمیان ایک ایماندار، عوام دوست اور مسائل پر مبنی سیاسی متبادل تلاش کر رہے ہیں۔ پی جی پی اسی ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں راجستھان کے مختلف اضلاع میں تنظیمی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا۔ مقامی سطح پر کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپنے کے ساتھ آئندہ انتخابات کے لیے ممکنہ امیدواروں اور مضبوط عوامی حمایت رکھنے والی شخصیات کی شناخت کی جائے گی۔ پارٹی کی توجہ بوتھ اور اسمبلی سطح تک تنظیم کو مضبوط بنانے پر رہے گی۔
انصاری نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ صرف انتخابات کے وقت سرگرم رہنے کے بجائے عام لوگوں کے روزمرہ کے مسائل اور مشکلات کو لے کر مسلسل ان کے درمیان موجود رہیں۔ انہوں نے تنظیم کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے اور عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ بڑھانے پر زور دیا۔
انصاری نے کہا کہ پارٹی کی سیاست ذات اور مذہب کی بنیاد پر معاشرے کو تقسیم کرنے کے بجائے انسانیت، سماجی انصاف، مساوی مواقع اور ترقی کے مسائل پر مرکوز رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر عوامی مسائل کو سیاسی مباحثے کا مرکز بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ