
نئی دہلی،23اگست (ہ س )۔
مرکزی انجمن عید میلاد النبی باڑہ ہندوراو¿ کی سالانہ میٹنگ جلوس کے کنوینر حاجی شمیم قریشی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔میٹنگ میں نبی کریم میلاد کمیٹی کے علاوہ دیگر کمیٹیوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔میٹنگ میں جلوس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیااور اس بات پر خاص توجہ اور زوردار گیا کہ جلوس پوری شان وشوکت اور ادب واحترام کے ساتھ نکالا جائے۔ میٹنگ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور دعوت اسلامی کے مبلغ نے میلاد اور جلوس کے تعلق سے مختصر خطاب کیا۔
حاجی شمیم قریشی نے کہا کہ یہ جلوس میرے والد حاجی نواب تقی مرحوم نے شروع کیا تھا اور آج قریب پچاس سالوں سے دہلی کا یہ سب سے بڑا جلوس نکلتا آرہا ہے۔
انھوں نے اپیل کی کہ جلوس میں کسی قسم کی خرافات۔ بد کلامی اور ڈی جے سے پرہیز کریں۔ انھوں نے کہا کہ جن علاقوں سے یہ جلوس نکلتا ہے وہاں کے مقامی لیڈران سڑک کی تعمیر اور مرمت کا کام مکمل کریں۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ احاط کیدارہ کی سڑک کئی ماہ سے کھدی پڑی ہے اور پورے علاقہ کی حالت خستہ ہے لہذا یہاں بھی سڑکوں کی مرمت کرائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ جلوس کے دوران امن بھائی چارہ تہذیب وادب اور ہم آہنگی کا پیغام دیا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی کو تکلیف نہ ہو۔ میٹنگ میں جان عالم۔ساجد رضا۔سبحان۔شبر۔سیہان۔سید اسلم۔شہادت علی۔عمیر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ