
سنسناٹی، 20 اگست (ہ س)۔ دنیا کی نمبر ایک خاتون ٹینس کھلاڑی آرینا سبالینکا بدھ کو سنسناٹی ماسٹرز کے چوتھے راؤنڈ میں جمہوریہ چیک کی سارا بیزلیک کے ہاتھوں الٹ پھیر کا شکار ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔
بیزلیک نے سبالینکا کو 6-7 (7-9)، 4-6 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی ٹاپ-10 کھلاڑی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
سبالینکا نے پہلے سیٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے 1-5 کی برتری حاصل کرلی تھی، لیکن عالمی درجہ بندی میں 35ویں نمبر کی بیزلیک نے اپنی بہترین موومنٹ اور مسلسل دباؤ کے ذریعے مقابلے میں واپسی کی۔ انہوں نے ٹائی بریکر میں 7-9 سے پہلا سیٹ اپنے نام کرلیا۔
دوسرے سیٹ میں بیزلیک نے سبالینکا کی سروس تین مرتبہ توڑی۔ اس کے بعد انہوں نے شاندار انداز میں میچ ختم کیا۔ آخری گیم میں انہوں نے ایک بھی پوائنٹ گنوائے بغیر کامیابی حاصل کی اور میچ کا اختتام ایس کے ساتھ کیا۔
فتح کے بعد بیزلیک نے کہا، “میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ یہ ناقابل یقین محسوس ہو رہا ہے۔”
اس سال ابوظہبی میں ہارڈ کورٹ کا خطاب جیت چکی بیزلیک اب اگلے راؤنڈ میں امریکہ کی میڈیسن کیز کا سامنا کریں گی۔
وہیں، سبالینکا کے لیے یو ایس اوپن سے قبل یہ مسلسل دوسری مایوس کن کارکردگی ہے۔ گزشتہ ہفتے وہ ٹورنٹو ماسٹرز کے چوتھے راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھیں۔ اس سے قبل ومبلڈن میں بھی انہیں چوتھے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں ان کا سفر ختم ہوگیا تھا۔ یو ایس اوپن 30 اگست سے شروع ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد