
لکھنو، 20 اگست(ہ س)۔ میرٹھ میورکس کے تیز گیند باز کارتک تیاگی نے اپنی ٹیم کے کپتان رنکو سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں دنیا کے ٹاپ پانچ فائنشروں میں شامل قرار دیا ہے۔ تیاگی نے کہا کہ جس طرح رنکو دباو کے حالات میں ڈیتھ اوورز میں میچ کا رخ بدلتے ہیں وہ انہیں دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بناتا ہے۔
تیاگی کے تبصرے یوپی ٹی 20 لیگ کے چوتھے سیزن کے آٹھویں میچ میں رنکو کی شاندار میچ جیتنے والی اننگز کے بعد سامنے آئے۔ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں لکھنو فالکنز نے میرٹھ میورکس کے خلاف 184 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ-لیوس-سٹرن کے اصول کے تحت میچ سنسنی خیز صورتحال میں پہنچ گیا تھا۔
17 ویں اوور میں میرٹھ کی ٹیم ڈک ورتھ-لیوس-سٹرن برابر اسکور سے پیچھے تھی۔ ایسی صورتحال میں رنکو نے نونیت کمار کے اوور میں پانچ گیندوں پر 26 رن بنا کر میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے صرف 24 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رن بنا کر میرٹھ کو 16.5 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 154 تک پہنچا دیا۔
جب شدید بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا تو میرٹھ کی ٹیم ڈک ورتھ-لیوس-سٹرن کے ہدف سے پانچ رن آگے تھی اور اس نے غیر متوقع فتح درج کی۔
کارتک تیاگی نے کہا، وہ جس نمبر پر بلے بازی کرنے آتے ہیں اور آخر میں جس طرح سے کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، اگر پوری دنیا دیکھے تو وہ تقریبا اس نمبر پر بلے بازی کرنے والے ٹاپ پانچ بلے بازوں میں شامل ہیں۔ جب تک وہ کریز پر ہیں، ہمیں ہمیشہ یقین رہتاہے کہ صورتحال کچھ بھی ہو، میچ ہمارے حق میں ہو سکتا ہے۔
شاید ہی یہاں کسی نے اتنی محنت کی ہو جتنی اس نے بطور کھلاڑی کی ہو۔ وہی محنت ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے اور ہماری ٹیم کو بھی اس سے فائدہ ہوتا ہے۔
تیاگی 2026 کے آئی پی ایل میں رنکو کے ساتھ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے ڈریسنگ روم کا حصہ تھے اور اب میرٹھ میورکس میں ان کی کپتانی میں کھیل رہے ہیں۔
رنکو کی کپتانی کی بھی تعریف کرتے ہوئے تیاگی نے کہا کہ ان کا جارحانہ رویہ پوری ٹیم میں اعتماد پیدا کرتا ہے۔
ان کی قیادت میں کھیلنے سے بہت زیادہ اعتماد ملتا ہے۔ ان کے اس جذبے کو دیکھتے ہوئے ہم اس یقین کے ساتھ میدان میں نکلتے ہیں کہ ہمیں غلبہ حاصل کرنا ہے نہ کہ صرف جیتنا ہے۔ وہ ایسا ہی سوچتے ہیں اور ہمیں بھی اس کی تحریک دیتے ہیں۔
تیاگی نے کہا کہ گیندبازی کرتے ہوئے بھی ٹیم کاخیال یہ رہتا ہے کہ اسے اپوزیشن پر دباو¿ ڈال کر مکمل طور پر غلبہ حاصل کرنا ہے۔
رنکو کی شناخت ٹی 20 کرکٹ میں قابل اعتماد فنیشرکے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں، خاص طور پر ڈیتھ اوورز میں۔
میرٹھ میورکس نے لکھنو فالکنز کے خلاف سنسنی خیز جیت کے بعد اس سیزن میں اپنے تمام ابتدائی تینوں میچ جیت لیے ہیں۔ یہ ٹیم یو پی ٹی 20 لیگ کے چوتھے سیزن میں اب تک واحد ناقابل شکست ٹیم ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی