
نئی دہلی، 2 اگست (ہ س)۔ دہلی میں واقع ڈاکٹر امبیڈکر بین الاقوامی مرکز میں 5 اگست کو ’جی آئی اینڈ بیونڈ 2.0 سربراہی اجلاس‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کا افتتاح وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور ٹیکسٹائل پبترا مارگیریٹا کریں گے۔
وزارتِ ٹیکسٹائل کے مطابق ہینڈلوم ایکسپورٹ پروموشن کونسل (ایچ ای پی سی) کے ڈائمنڈ جوبلی لوگو کی باضابطہ نقاب کشائی اور ڈیجیٹل ہینڈلوم ایٹلس ’’ایک منچ، اننت بازار‘‘ (ایک پلیٹ فارم، لامحدود مارکیٹ) کا آغاز کیا جائے گا۔ ڈیولپمنٹ کمشنر (ہینڈلوم) کے دفتر کی جانب سے ہینڈلوم ایکسپورٹ پروموشن کونسل (ایچ ای پی سی) کے تعاون سے منعقدہ اس سربراہی اجلاس کا بنیادی مقصد ملک کی جی آئی-ٹیگ یافتہ ہینڈلوم اور دستکاری مصنوعات کو فروغ دینا اور گھریلو و بین الاقوامی مارکیٹوں میں ان کی رسائی کو مضبوط بنانا ہے۔
اس دن پورے ملک سے 100 سے زائد جی آئی-رجسٹرڈ ہینڈلوم اور دستکاری مصنوعات کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ کاریگروں کو عالمی مارکیٹوں سے جوڑنے کے لیے ’’ایک منچ، اننت بازار‘‘ کے ٹیگ لائن کے ساتھ ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم شروع کیا جائے گا۔ ہینڈلوم ایکسپورٹ پروموشن کونسل (ایچ ای پی سی) کے ڈائمنڈ جوبلی لوگو کی باضابطہ نقاب کشائی ہوگی۔ رجسٹرڈ مالکان اور نئے مجاز صارفین کو جی آئی سرٹیفکیٹس فراہم کیے جائیں گے۔ جی آئی کے پورے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئی آئی ٹی مدراس کے ماہرین کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال پر خصوصی پریزنٹیشن دی جائے گی۔
اس کے علاوہ، 10 سے زائد ممالک کے غیر ملکی خریدار، ملک بھر کے برآمد کنندگان، اہم ٹیکسٹائل برانڈز، ملٹی نیشنل کمپنیاں، ای-کمرس پلیٹ فارمز اور پالیسی ساز ایک ساتھ آئیں گے۔ جی آئی رجسٹریشن اور دانشورانہ املاک کے حقوق (انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس)، گھریلو مارکیٹ میں جی آئی مصنوعات کی تشہیر، بین الاقوامی مارکیٹوں میں جی آئی ہینڈلوم مصنوعات سے فائدہ اٹھانے کی حکمتِ عملیوں جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر سکریٹری برائے ٹیکسٹائل نیلم شمی راو، ڈیولپمنٹ کمشنر (ہینڈلوم) ڈاکٹر ایم بینا، ڈیولپمنٹ کمشنر (دستکاری) امرت راج اور کنٹرولر جنرل آف پیٹنٹس، ڈیزائنز اینڈ ٹریڈ مارکس (سی جی پی ڈی ٹی ایم) پروفیسر (ڈاکٹر) انّت پی پنڈت سمیت کئی سینئر حکام موجود رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن