


نئی دہلی، 2 اگست (ہ س) رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف 'پپو' یادو کی دہلی میں واقع رہائش گاہ پر ہفتہ کو منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ہنگامہ کھڑا ہو گیا جب ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر ان پر چپل پھینک دیا۔ واقعے کے فورا بعد وہاں موجود حامیوں نے اس شخص کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کی۔ بعد میں موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے مداخلت کی اور اسے بھیڑ سے باہر نکالا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں ایک شخص پریس کانفرنس کے دوران پپو یادو کو یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے کہ زعفرانی ( بھگوا ) کپڑے پہن کر اس نے بھگوان رام کی مورتی ایودھیا کے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرتاپ کے قدموں میں رکھ دی، جو ٹھیک نہیں ہے۔ اس کے بعد اس شخص نے اپنی چپل پپو یادو پر پھینکی۔ اس کے بعد ویڈیو میں وہاں موجود کارکنوں کو ہر طرف سے تھپڑ اور مکے مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس دوران اس کی قمیض بھی پھٹ جاتی ہے۔ ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار مداخلت کرتے ہوئے اور اسے بحفاظت ہجوم سے باہر نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ چپل پھینکنے والے شخص کے تعلق سے کوئی معلومات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رام مندر کے چڑھاؤں کی چوری کے معاملے پر پارلیمنٹ کے احاطے میں پپو یادو کے احتجاج پر پہلے ہی تنازعہ کھڑا ہے۔ جمعہ کو اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر علامتی احتجاج کیا۔ پپو یادو ایک پجاری کے لباس میں چندہ مانگتے نظر آئے ، جب کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے علامتی طور پر انہیں چندہ بھی دیا۔ اس کے بعد حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ نے علامتی طور پر چوری پکڑے جانے کا ناٹک کرتے ہوئے پپو یادو کی علامتی طور پرپٹائی بھی کی۔
اس کے بعد اتر پردیش کے کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ وارانسی کے پاٹل پوری مٹھ کے پیٹھادھیشور جگد گرو بالک داس کی شکایت پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد اور رکن پارلیمنٹ پپو یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اسی دوران لکھنؤ میں سناتن رکشا سنگٹھن نے پپو یادو کی علامتی آخری رسومات کا جلوس نکالا اور ان کے خلاف احتجاج کیا۔ متھرا میں سادھوؤں نے راہل گاندھی اور پپو یادو کی پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد