
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیراعظم نریندر مودی نے کولکاتا کے فری اسکول اسٹریٹ علاقے میں منگل کی دیر رات ایک ہوٹل میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں 9 افراد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے بدھ کے روز کولکاتا آتشزدگی میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کولکاتا میں آتشزدگی کے حادثے میں لوگوں کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے بھی کولکاتا آتشزدگی میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کولکاتا میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ان کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan