
نادیہ، 16 اگست (ہ س)۔ مغربی بنگال کے نادیہ ضلع میں مسلح حملہ آوروں نے کانگریس کے ایک رہنما اور ان کے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتولین کی شناخت کانگریس رہنما انیس الرحمان اور ان کے 24 سالہ بیٹے ابو سفیان کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ واردات ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے 9 بجے ناکاشی پاڑہ تھانہ علاقے میں بیتھواڈہاری ریلوے گیٹ کے قریب پیش آئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق انیس الرحمان اپنے بیٹے کے ساتھ کار میں گھر واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران کچھ مسلح افراد نے راستے میں ان کی کار کو روک لیا۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر پہلے کار پر کئی راؤنڈ فائرنگ کی اور اس کے بعد کار رکوا کر باپ بیٹے پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔حملے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ناکاشی پاڑہ تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ قتل کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں اور حملے کی اصل وجہ کیا تھی۔ حملہ آوروں کی شناخت کے لیے جائے وقوعہ اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے۔
پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش تیز کردی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan