
وزیر اعلیٰ اور ریاستی انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے اٹل بہاری واجپئی کی برسی پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔
بھوپال، 16 اگست (ہ س)۔
بھارت رتن اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی برسی کے موقع پر اتوار کے روز وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور ریاستی انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے شوریہ اسمارک کے قریب واقع اٹل جی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اٹل جی ایک عظیم اور ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قومی خدمت، جمہوری اقدار اور ملک کی نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے وقف کر دی۔ ان کی زندگی اور افکار آج بھی اہل وطن کو مسلسل ترغیب فراہم کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترم اٹل بہاری واجپئی نے جمہوریت، قوم پرستی اور گڈ گورننس کو ایک نئی سمت دینے کا کام کیا۔ وہ ادیب، صحافی، بہترین مقرر، سیاست داں، منتظم، وزیر اعظم اور ایک مضبوط حزب اختلاف رہنما کے طور پر ہندوستانی سیاست میں اپنے انمٹ نقوش چھوڑ گئے۔ ان کے طریقۂ کار میں مکالمہ، باہمی اتفاق، حساسیت اور قومی مفاد سب سے مقدم تھا۔ انہوں نے 24 جماعتوں کو ساتھ لے کر باہمی اتفاق، مکالمے اور اعتماد کی بنیاد پر مخلوط حکومت چلا کر ہندوستانی جمہوریت کے سامنے ایک نئی مثال قائم کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اٹل جی کی مکمل زندگی قومی خدمت، جمہوری اقدار، گڈ گورننس اور قومی مفاد کے تئیں وابستگی کی ایک بے مثال مثال ہے۔ بنگلہ دیش کے قیام کے وقت ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والے حالات میں حزب اختلاف رہنما ہونے کے باوجود انہوں نے اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر ملکی مفاد اور جمہوری پختگی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹل جی نے اقوامِ متحدہ میں ہندی میں تقریر کر کے عالمی سطح پر ہندوستان کی زبان اور ثقافت کا وقار بلند کیا۔ وزیر خارجہ کے طور پر انہوں نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو نئی جہت دی اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کی پہل کر کے امن و آشتی کا پیغام دیا۔ وہیں پوکھرن ایٹمی تجربے کے ذریعے ہندوستان کو جوہری صلاحیت کا حامل ملک بنانے کا دلیرانہ فیصلہ لے کر انہوں نے عالمی برادری کو ہندوستان کی اسٹریٹجک طاقت سے روشناس کرایا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کارگل جنگ کے دوران اٹل جی کی قیادت میں ہندوستانی فوج نے غیر معمولی شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی دراندازی کا منہ توڑ جواب دیا۔ جنگ کے کٹھن دور میں بھی اٹل جی نے ہندوستانی تہذیب کی فراخدلی اور انسانی ہمدردی کا ثبوت دیا اور پاکستانی فوجیوں کی لاشوں کی باعزت تدفین کا انتظام کرایا۔ یہ ان کی حساس اور انسان دوست شخصیت کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، اٹل جی کے خیالات اور ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے ہندوستان کو دنیا کی صفِ اول کی طاقت بنانے کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ملک کے ترقیاتی سفر میں اٹل جی کے اصول اور ان کی پالیسیاں آج بھی رہنما کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے موجود کارکنوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اٹل جی کے خدمت وطن، گڈ گورننس اور قومی مفاد کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ آلوک شرما، رکن اسمبلی رامیشور شرما، بھگوان داس سبنانی، میئر مالتی رائے، ریاستی جنرل سکریٹری راہل کوٹھاری، ریاستی میڈیا انچارج آشیش اوشا اگروال اور ضلع صدر رویندر یتی سمیت ضلع عہدیداران اور بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن