
نئی دہلی، 16 اگست (ہ س)۔ ملک کے سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی برسی کے موقع پر اتوار کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مرکزی وزراء اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے رہنماؤں نے ان کی سمادھی ’سدیو اٹل‘ پہنچ کر گلہائے عقیدت نذر کیے۔
خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، سابق صدر رام ناتھ کووند، سابق نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، بی جے پی صدر نتن نوین، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی مرکزی وزراء اور دیگر رہنما شامل رہے۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اٹل بہاری واجپئی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست داں، شاعر اور دوراندیش اٹل جی نے اپنی زندگی بھارت کی یکجہتی، وقار اور اسٹریٹجک مفادات کو مضبوط بنانے کے لیے وقف کر دی۔ قومی تعمیر، جامع قیادت اور قومی وقار کے تئیں ان کی وابستگی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اٹل جی کی لازوال میراث ملک کے لیے ہمیشہ تحریک کا ذریعہ بنی رہے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اٹل جی غیر معمولی دوراندیشی رکھنے والے منفرد سیاست داں تھے اور انہوں نے اپنی زندگی قوم کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ ان کے خیالات اور کوششیں نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ رہی ہیں، جبکہ ان کی قیادت نے ملک کو مضبوط بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اچھی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود پر اٹل جی کا زور آج بھی رہنمائی کرتا رہے گا۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے اٹل بہاری واجپئی کو محب وطن سیاست داں قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ملک کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹل جی نے جوہری تجربات اور کارگل جنگ کے دوران پوری دنیا کو بھارت کی طاقت کا تعارف کرایا۔ وہیں، ان کی اصولوں پر مبنی سیاست نے انتودیہ اور اچھی حکمرانی کے تصور کو عملی شکل دینے کا کام کیا۔
امت شاہ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کی عظیم شخصیت اور قیادت بی جے پی کے ہر کارکن کو ملک کی تعمیر کے لیے سرگرم رہنے کی ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد