
خشک سالی سے پاک مہاراشٹر کا عزم پورا کریں گے : فڑنویس
ممبئی ، 15 اگست (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست کی مجموعی ترقی کے ساتھ مہاراشٹر کو مستقل طور پر خشک سالی سے پاک بنانا حکومت کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کی تعمیر میں مہاراشٹر کا کردار انتہائی اہم ہے اور ریاست ملک کی ترقی کا انجن ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر وزارت میں منعقدہ مرکزی سرکاری تقریب میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر ملک کی سب سے بڑی معیشت رکھنے والی ریاست ہے اور رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ریاست کی معاشی شرح نمو تقریباً 8.8 فیصد رہی ہے۔ حکومت ہر ضلع کو ترقی کا انجن بنانے کے لیے کام کررہی ہے اور اب تک تقریباً 13 اضلاع مقررہ ترقیاتی اہداف حاصل کرچکے ہیں۔
فڑنویس نے کہا کہ گڑھ چیرولی، پال گھر، نندوربار سمیت ریاست کے ہر علاقے تک ترقی پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے آئین کی جانب سے دیے گئے حقوق کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کے تئیں بھی بیدار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو یہ عزم کرنا چاہیے کہ ملک کا ترنگا ہمیشہ بلند رہے۔
کسانوں کے لیے قرض معافی اور دن میں بجلی کی فراہمی:
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کسانوں کے لیے پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر قرض معافی اسکیم نافذ کی جارہی ہے۔ اس کے تحت 56 لاکھ کسانوں کو تقریباً 36 ہزار کروڑ روپے کی قرض معافی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دن کے وقت بجلی فراہم کرنے کی سمت میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور اس وقت 76 فیصد کسانوں کو دن میں بجلی دستیاب ہورہی ہے۔ حکومت نے اگلے سال تک 100 فیصد کسانوں کو دن کے وقت بجلی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
خشک علاقوں تک پانی پہنچانے کے لیے دریا جوڑ منصوبے:
فڑنویس نے کہا کہ مراٹھواڑہ، ودربھ، شمالی مہاراشٹر اور مغربی مہاراشٹر کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں تک پانی پہنچانے کے لیے دریا جوڑ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد آنے والی نسلوں کو خشک سالی کے مسئلے سے نجات دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے ساتھ مہاراشٹر کو ہمیشہ کے لیے خشک سالی سے پاک بنانا حکومت کا عزم ہے۔ مختلف علاقوں میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کے ساتھ پانی کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
یوم آزادی کی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت:
تقریب میں ہنرمندی کی ترقی کے وزیر منگل پربھات لوڑھا، وزیر سنجے ساوکرے، ممبئی کی میئر ریتو تاوڈے، چیف سیکریٹری راجیش اگروال، پولیس ڈائریکٹر جنرل سدانند داتے، پروٹوکول سیکریٹری راجیش گوانڈے، وزارت کے مختلف محکموں کے سربراہان، تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران، سرکاری افسران و ملازمین اور مدعو شہری موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے