
جموں، 15 اگست (ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ میں 80ویں یومِ آزادی کی تقریب ضلع اسپورٹس اسٹیڈیم میں قومی جوش و جذبے اورحب الوطنی کے ساتھ منائی گئی ۔ تقریب میں طلبہ، سیکورٹی اہلکاروں، افسران، سرکاری ملازمین اورعام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال نے پرچم کشائی کی ،جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وندے ماترم بھی پیش کیا گیا، جس کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد منائی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ میں شامل دستوں سے سلامی لی۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی ڈوڈہ کارتک شورتیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ انل کمار ٹھاکر اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ مارچ پاسٹ میں ایس ایس بی،سی آر پی ایف، جموں و کشمیر آرمڈ پولیس، جموں و کشمیر پولیس، پولیس پروٹیکشن فورس،این سی سی کیڈٹس اور مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ پولیس اور اسکول بینڈ کی شاندار پیشکش نے تقریب کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا۔اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی پر مبنی گیت، رقص اور ثقافتی پروگرام پیش کیے، جن میں ملک کی ثقافتی وراثت، قومی یکجہتی اور اتحاد میں تنوع کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کرشن لال نے ضلع کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں اور مختلف شعبوں میں حاصل کی گئی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ 2025-26 کے دوران ضلع میں 153 اسمارٹ کلاس روم قائم کیے گئے جبکہ 46 اضافی کلاس رومز کی تعمیر مکمل ہوئی۔ سال 2026-27 کے لیے مزید 127 اسمارٹ کلاس رومز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ پی ایم شری اسکولوں میں 4 اٹل ٹنکرنگ لیبز، 2 اسپیس لیبز اور 12 سٹیم لیبز بھی قائم کی گئی ہیں۔ زراعت کے شعبے میں 114 کے کے جی یونٹس اور اچ اے ڈی پی کے تحت 8 ہزار سے زائد یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیونڈر کی کاشت کے فروغ سے ڈوڈہ ’پرپل ریوولوشن‘ کا اہم مرکز بن رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر