
حیدرآباد ، 10 اگست (ہ س)۔
آندھرا پردیش کے تروپتی ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک 30 سالہ شخص کی امریکہ میں پیش آئے سڑک حادثے میں موت ہوگئی۔ نوجوان تقریباً پانچ ماہ قبل ہی امریکہ گیا تھا اور وہاں سافٹ ویئر کی ملازمت شروع کی تھی۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت دلیپ کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو تروپتی ضلع کے چٹویل منڈل کے جیٹی واری پلی گاؤں کا رہنے والا تھا۔
اطلاعات کے مطابق دلیپ کمار ہفتہ کی صبح اپنے دوستوں کے ساتھ کار میں سفر کررہا تھا کہ کینتھ سٹی، فلوریڈا میں گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے میں دلیپ کمارکو شدید چوٹیں آئیں اور وہ جانبرنہ ہوسکا۔
حادثے کے وقت کارمیں موجود ایک لڑکی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ شدیدزخمی ہونے کے بعد کومامیں چلی گئی۔ اسی گاڑی میں سوارچٹویل سے تعلق رکھنے والاایک اورنوجوان معمولی زخمیوں کے ساتھ محفوظ رہا۔
دلیپ کمار کی اچانک موت کی خبر ملتے ہی اس کے آبائی گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ اہل خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں نے اس کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
دلیپ کمار بہتر مستقبل اور پیشہ ورانہ مواقع کی تلاش میں صرف پانچ ماہ قبل امریکہ گیا تھا، تاہم سڑک حادثے نے اس کی زندگی کا المناک اختتام کردیا۔
حادثے کی اصل وجوہات اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق