
کاٹھمنڈو، 10 اگست (ہ س)۔ نیپال کے سابق وزیر اعظم اور نیپالی کانگریس کے سابق صدر شیر بہادر دیوبا ہانگ کانگ سے بینکاک پہنچ گئے ہیں۔ ان کے 13 اگست کو نیپال واپس آنے کا امکان ہے۔ علاج کے سلسلے میں تقریباً پانچ ماہ سے بیرون ملک مقیم دیوبا کی 11 اگست کو وطن واپسی کی تیاری تھی، تاہم ہانگ کانگ سے بینکاک پہنچنے کے بعد ان کی واپسی کا پروگرام دو دن آگے بڑھ گیا ہے۔دیوبا کے قریبی رہنماؤں کے مطابق وہ جمعہ کو ہانگ کانگ سے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک پہنچے۔ اب بینکاک سے ہی ان کی نیپال واپسی کا پروگرام طے کیا گیا ہے۔ وہ 13 اگست کو تھائی ایئرویز کی پرواز سے نیپال واپس آئیں گے۔
نیپالی کانگریس کے دیوبا گروپ کی جانب سے 14 اگست کو کاٹھمنڈو کے نیشنل اسمبلی ہال میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے رہنما اور کارکن کاٹھمنڈو پہنچ رہے ہیں۔ دیوبا 13 اگست کو دوپہر کے وقت بینکاک سے تری بھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتریں گے۔گزشتہ سال 10 ستمبر کو جین زی تحریک کے دوران بودھانیل کنٹھ میں واقع دیوبا کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی گئی تھی۔ اس دوران دیوبا اور ان کی اہلیہ پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد دیوبا میاں بیوی بہتر علاج کے لیے سنگاپور گئے تھے۔ علاج کے بعد نیپال واپس آنے والے دیوبا فالو اَپ علاج کے لیے رواں سال 25 فروری کو دوبارہ سنگاپور گئے تھے۔ بعد میں وہ علاج کے لیے اپنی اہلیہ آرزو رانا دیوبا کے ساتھ سنگاپور سے ہانگ کانگ پہنچے تھے۔ ہانگ کانگ میں طویل عرصہ قیام کے بعد وہ جمعہ کو بینکاک پہنچے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan