
واشنگٹن، 10 اگست(ہ س)۔ امریکی ریاست نیو جرسی کے بیڈ منسٹر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب قائم عارضی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے دو طیاروں کو امریکی لڑاکا طیاروں نے روک لیا۔
شمالی امریکی ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ(نوراد) کے مطابق اتوار کے روز امریکی ایف16- لڑاکا طیاروں نے دونوں طیاروں کو روکا اور انہیں بحفاظت عارضی طور پر نافذ ممنوعہ فضائی حدود سے باہر نکال دیا۔رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب صدر ٹرمپ ہفتے کے اختتام پر اپنے نجی گالف کلب میں موجود تھے۔ امریکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں طیاروں کو ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب روکا گیا۔تاہم امریکی فوج نے یہ نہیں بتایا کہ دونوں طیاروں کو روکنے کے لیے کتنے ایف16- طیارے روانہ کیے گئے تھے۔ حکام نے ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے دونوں طیاروں کی نوعیت، ان کے پائلٹس یا پرواز کے مقصد سے متعلق بھی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
امریکہ میں صدر کی سکیورٹی کے پیش نظر ان مقامات کے گرد عارضی طور پر فضائی پابندیاں عائد کرنا معمول کی کارروائی ہے جہاں صدر موجود ہوتے ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد صدر اور دیگر اہم شخصیات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔ایسی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کبھی کبھار سامنے آتی رہتی ہیں اور اکثر ان میں چھوٹے نجی طیارے شامل ہوتے ہیں۔ سکیورٹی ادارے خلاف ورزی کی صورت میں طیاروں کی شناخت، نگرانی اور انہیں ممنوعہ علاقے سے باہر نکالنے کے لیے لڑاکا طیاروں کا استعمال کر سکتے ہیں۔نوراد نے پائلٹوں کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ وہ پرواز سے قبل اپنے روٹ اور متعلقہ علاقے میں نافذ تمام فضائی پابندیوں اور حدود کی لازماً جانچ کریں، تاکہ سکیورٹی کے لیے حساس علاقوں میں غیر ارادی طور پر داخل ہونے سے بچا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan