
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے ریاستی صدر ہرش ملہوترا کی قیادت میں پیر کو یوم آزادی ہفتہ کے تحت پرانی دہلی کے چاندنی ٹاؤن ہال سے حوض قاضی تک ’ترنگا یاترا‘ نکالی ۔ ”ترنگا یاترا“ میں بڑی تعداد میں اسکولی طلبا نے بھی شرکت کی۔
چاندنی چوک کے ایم پی پروین کھنڈیلوال کے ساتھ ہزاروں کارکنان ترنگا یاترا میں شامل ہوئے اور کئی مقامی کاروباری اور شہری تنظیموں نے جگہ جگہ اسٹیج بنا کر ہرش ملہوترا اور پروین کھنڈیلوال سمیت تمام ترنگا یاترا کے شرکا کو مبارکباد دی۔
ہرش ملہوترا اور پروین کھنڈیلوال نے یاترا کے شرکاء اور پرانی دہلی کے جمع شہریوں اور تاجروں سے خطاب کیا اور انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
دہلی بی جے پی کے صدر ہرش ملہوترا نے سب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج بی جے پی ترنگا یاترا کا انعقاد کر رہی ہے اور یہ فخر کی بات ہے کہ یہ یاترا پرانی دہلی سے شروع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانی دہلی کا لال قلعہ صرف اینٹوں اور پتھروں کا نہیں ہے۔ یہیں سے وزیر اعظم ہر 15 اگست کو قوم سے خطاب کرتے ہیں۔ یہیں سے آزادی کا اعلان ہوا تھا اور پرانی دہلی کا ہر ذرہ قربانی اور عزت نفس سے لبریز ہے۔
دہلی پردیش کے صدر نے کہا کہ پرانی دہلی اس کی گنگا جمونی ثقافت کی خصوصیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرانی دہلی میں مندر کی گھنٹیاں اور مسجد کی اذان ایک ساتھ گونجتی ہے۔ چاندنی چوک میں ہندو، مسلمان، سکھ اور عیسائی سب مل کر مٹھائی کھاتے ہیں اور تہوار مناتے ہیں اور یہی اتحاد قومی پرچم کی اصل روح ہے۔
ہرش ملہوترا نے سب سے ہر گھر ترنگا کے عہد کے ساتھ اس وراثت کو آگے بڑھانے کی اپیل کی ۔
چاندنی چوک میں ترنگا یاترا میں حصہ لینے والے تمام محب وطن کارکنوں اور شہریوں کو اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایم پی پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ ترنگا ہمارے فخر اور اعزاز کی علامت ہے اور یوم آزادی ہمیں ان شہیدوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔
چاندنی چوک ضلع صد اروند گرگ کے تال میل سے نکالی گئی اس ترنگا یاترا میں ریاستی نائب صدر راجیش بھاٹیہ، میڈیا ہیڈ پروین شنکر کپور، یووا مورچہ کے ریاستی صدر رجت چودھری، سابق میئر جئے پرکاش، کارپوریشن کے کونسلرس سمن کمار گپتا، اوشا شرما، وکاس ٹانک اور سشیل جاونٹی، شریک دفتر وزیر امت گپتا، ضلع عہدیدار راجہ کھاری، اشوک شرما، راج دیپتی اندورا، اشوک تومر ، روہت شرما وغیرہ نے حصہ لیا۔
ہندوتھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد