
پٹنہ، 8 جولائی (ہ س)۔
بہار کے سمستی پور ضلع کے چک مہسی تھانہ علاقے کے تحت منگل کی دیر رات نام پور گاؤں میں بائک سوار تقریباً 8-10 نامعلوم بدمعاشوں نے بدنام زمانہ پربھات چودھری اور اس کے دوست سنی کمار کا بے دردی سے قتل کردیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے اس سنسنی خیز واقعے میں دونوں نوجوانوں کوسنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا اور موقع پر ہی موت ہوگئی۔ متوفی پربھات چودھری چک مہسی تھانہ علاقہ کے نیما چک حیدر کا رہنے والا تھا جبکہ اس کا ساتھی سنی کمار بیلسنڈی گاؤں کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ اس کے والد سنجے چودھری کے مطابق ایک کال موصول ہونے کے بعد پربھات اور تین ساتھی اپنے ایک دوست سے ملنے اسکارپیو میں باگمتی ندی پرنام پور گئے تھے۔ جرائم پیشہ پہلے سے تاک میں تھے اور اندھا دھنگ فائرنگ کر دی۔متوفی پربھات کے والد سنجے چودھری نے بتایا کہ ان کا بیٹا شام 7 بجے کے قریب کسی کام سے گھر سے نکلا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کو ایک منصوبہ بند حملے کے بعد فون کرکے بلایا گیا۔ اس واقعہ کے بعد سے متاثرہ کے خاندان میں افراتفری کا ماحول ہے۔ چک مہسی تھانہ انچارج جتیندر سہنی کے مطابق قتل کی اصل وجہ فی الحال معلوم نہیں ہے۔ پربھات چودھری پرغیر قانونی شراب کی اسمگلنگ اور آرمس ایکٹ سمیت کئی سنگین جرائم کا الزام تھا۔ صدر ڈی ایس پی-2 سنجے کمار کے مطابق پربھات کو 26 اگست 2023 کو سمستی پور کی عدالت میں اس کی گواہی کے دوران بھی گولی ماری گئی تھی۔ اس واقعے کے ماسٹر مائنڈ، آر جے ڈی لیڈر رام بابو رائے کو پولیس نے جیل بھیج دیا تھا۔ پربھات ایک سال قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔ شبہ ہے کہ یہ قتل شراب کے غیر قانونی اسمگلنگ سے متعلق مالی لین دین یا علاقے میں غلبہ حاصل کرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan