
کولمبو، 6 جولائی (ہ س)۔ سری لنکا کی نیگمبو جیل میں قیدیوں اور جیل کے محافظوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ جیسے ہی صورتحال خراب ہوئی، پولیس نے فائرنگ شروع کر دی اور سیکیورٹی بڑھانے کے لیے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے۔ واقعے کے بعد جیل کے پورے احاطے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور تشدد کی وجوہات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے مقامی میڈیا کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں پانچ جیل افسران اور 20 قیدی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو کولمبو نیشنل اسپتال کے علاوہ مختلف قریبی اسپتالوں اور صحت مراکز میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے مغربی ساحل پر واقع نیگمبو جیل میں اتوار کو شروع ہونے والا تنازعہ پیر کو ایک بار پھر پرتشدد ہو گیا۔ قیدیوں اور جیل حکام کے درمیان جھڑپیں بڑھنے کے بعد صورتحال قابو سے باہر ہو گئی، جس کے بعد پولیس کو گولی چلانے پر مجبور ہونا پڑا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی حفاظتی دستے تعینات کیے گئے جبکہ فوج کو بھی مدد کے لیے تیار رکھا گیا۔
تشدد اتوار کو دوپہر تقریبا 1 بجے ریمانڈ پر موجود قیدیوں اور سزا کاٹ رہے قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے ساتھ شروع ہوا۔ اس وقت جھڑپ میں دو قیدی مارے گئے اور 38 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ پیر کو ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے بعد تشدد مزید سنگین ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق نیگمبو جیل میں اس وقت 2417 قیدی ہیں۔ واقعے کے بعد پورے احاطے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور کسی بھی تازہ پرتشدد واقعے کو روکنے کے لیے اضافی سیکیورٹی فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد