
ماسکو، 6 جولائی (ہ س/ریا نووستی)۔ روس میں ہندوستان کے سفیر ونے کمار نے پیر کو کہا کہ روس اور ہندوستان کے درمیان تجارت کا حجم 2026 میں 70 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
سفیر ونے کمار نے اینوپروم-2026 بین الاقوامی صنعتی نمائش میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ گزشتہ دو تین مہینوں میں جو کاروباری رفتار اور رجحانات ہم نے دیکھے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہم 2026 میں تقریبا 70 بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
ہندوستانی سفیر نے مزید کہا کہ ماسکو اور دہلی کے درمیان تجارت 2030 تک 100 بلین ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے اہم شعبے اہم معدنیات اور دھاتیں، اعلی ٹیکنالوجی، زراعت اور خلائی شعبے ہیں۔
ونے کمار نے کہا کہ ہندوستان کے ممتاز تعلیمی ادارے بھی اعلی ٹیکنالوجی کے شعبے میں روسی تنظیموں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
اینوپروم-2026 نمائش 6 سے 9 جولائی تک یکاترین برگ میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس سال انڈونیشیا اس نمائش کا شراکت دار ملک ہے۔ مجموعی طور پر 66 ممالک کے نمائندے اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد