
ہدایت کار نتیش تیواری کی بہت زیادہ انتظار کی جانے والی فلم 'رامائن: پارٹ 1' کا آفیشل ٹریلر جمعرات کو دنیا بھر میں ریلیز ہوا۔ نمیت ملہوترا کے پرائم فوکس اسٹوڈیوز، آٹھ بار آسکر جیتنے والے وی ایف ایکس اسٹوڈیو ڈی این ای جی اور یش کے مونسٹر مائنڈ کریشنز کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ ٹریلر ہندی، تامل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم سمیت پانچ ہندوستانی زبانوں میں ریلیز کیا گیا ہے۔ اس فلم کو سونی پکچرز فلمز کے ذریعے عالمی سطح پر تقسیم کیا جائے گا، جبکہ شمالی ہندوستان میں اسے دھرما پروڈکشن کے ذریعے ریلیز کیا جائے گا۔ اس دو حصوں والے مہاکاوی کا پہلا حصہ دیوالی 2026 کو سینما گھروں میں آئے گا۔
فلم میں رنبیر کپور نے بھگوان رام، سائی پلوی نے ماتا سیتا اور یش نے راون کا کردار ادا کیا ہے۔ ارون گوول نے بادشاہ دشرتھ، روی دوبے نے لکشمن، شوبھنا کیکیئی، اجنکیہ دیو نے رشی وشوامتر، کنال کپور نے بھگوان اندرا اور راکول پریت سنگھ نے شپرنکھا کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم کی کہانی بھگوان رام کے جلاوطنی سے لے کر راون کے ساتھ دھرم اور ادھرم کی عظیم جنگ تک کے سفر کو شاندار سنیما انداز میں پیش کرے گی۔ اسکرین پلے سریدھر راگھون نے لکھا ہے، جبکہ موسیقی آسکر جیتنے والے ہنس زیمر اور اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔
پروڈیوسر نمیت ملہوترا نے کہا کہ رامائن صرف ایک فلم نہیں ہے بلکہ ہندوستان کے ثقافتی ورثے کو عالمی سامعین تک پہنچانے کی کوشش ہے۔ ہدایت کار نتیش تیواری نے کہا کہ ان کا مقصد اس عظیم مہاکاوی کو انتہائی احترام، صداقت اور شان و شوکت کے ساتھ بڑی اسکرین پر لانا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ فلم اپنی جذباتی گہرائی، تکنیکی مہارت اور عالمی معیار کی پیشکش کے ذریعے دنیا بھر کے سامعین سے جڑنے میں کامیاب ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی