
تہران، 3 جولائی (ہ س)۔ ایران نے اس سال 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فوجی حملے میں مارے گئے اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے لیے وسیع اور تاریخی تیاریاں کی ہیں۔ خامنہ ای کے بیٹے اور ملک کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے یا نہیں ،اس پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ وہ اپنے والد کی موت کے بعد سے اب تک عوامی طور پر نظر نہیں آئے ہیں۔
امریکی نیوز چینلسی این این کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے علی خامنہ ای کے اعزاز میں جنازے کی بڑی ایک تقریب منعقد کرکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت پیغام بھیجا ہے۔خامنہ ای کی یاد میں ایران اور عراق کے پانچ شہروں میں ہفتہ بھر جاری رہنے والی آخری رسومات میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ مزید برآں، ایران نے امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے مطابق تقریب کا وقت مقرر کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسلامی جمہوریہ کی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہو گی۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کو وداعی دینے کے لیے ایران اور عراق کے شہروں اور مقدس مقامات کا سفر کرنے والے لاکھوں زائرین کو جمع کیاگیاہے۔ عراق شیعہ مسلم اکثریتی ملک ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالی باف نے جمعرات کو کہا کہ ”ہمیں اپنی قوم کے خون کا بدلہ لینے کے لیے دنیا کے سامنے اپنی آواز بلند کرنی ہوگی، تاکہ دنیا جان سکے کہ ایران کے معزز اور عظیم لوگ ظلم کے سامنے خاموش نہیں رہتے، وہ خامنہ ای کے خون کا بدلہ لئے بغیر نہیں رہیں گے۔“
رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ 28 فروری کو ہونے والے امریکی حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ اس کے بعد سے انہیں کسی نامعلوم مقام پر سخت حفاظتی انتظامات میں رکھا گیا ہے۔ اب یہ وہ لمحہ بھی ہو سکتا ہے جب ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای پہلی بار عوامی سطح پر پیش ہوں گے۔ وہ اپنے والد اور خاندان کے دیگر افراد کے قتل کے بعد سے روپوش ہے۔ تاہم ان کی آخری رسومات میں شرکت پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ خامنہ ای کے جسد خاکی کو امریکہ کے 250ویں یوم آزادی پر سپرد خاک کیا جائے گا۔
سینٹر فار انٹرنیشنل پالیسی کی ایک سینئر نان ریزیڈنٹ فیلو سینا توسی کہتے ہیں، ”قتل نے خامنہ ای کو علامتی طور پر زیادہ طاقتور اور مقبول بنا دیا ہے۔ انہیں ایک شیعہ بزرگ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔“ ایران میں اس سے پہلے صرف دو بار اس طرح کے بڑے پیمانے پر جنازے کا انعقاد کیا گیا ہے: 1989 میں اسلامی جمہوریہ کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کے لیے اور 2020 میں قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے لیے۔ دونوں بار جلوس افراتفری کا شکار ہوئے اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
خمینی کی میت کو اسی مقام پر آخری دیدار کے لئے رکھا گیا تھا،جہاں ان کے جانشین خامنہ ای کی میت کو دو روز تک رکھا جائے گا۔پروگرام کے مطابق تابوت کو رکھنے کی تقریب ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوگی۔ اس دوران خامنہ ای کا جسد خاکی تہران کے وسیع و عریض مسجد کے احاطے میں ایک بلند پلیٹ فارم پر رکھا جائے گا۔ آخری رسومات کے دوران دارالحکومت کے بین الاقوامی اور ملکی ہوائی اڈے بند رہیں گے۔ ان شہروں میں قومی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جہاں سے خامنہ ای کا جسد خاکی گزرے گا۔ 1.7 کروڑ کی آبادی والا تہران اپنی تاریخ کے سب سے بڑے ٹریفک آپریشن سے گزرے گا۔
دریں اثنا، بسیج نیم فوجی رضاکار فورس نے کہا کہ سوگواروں کو کھانا کھلانے کے لیے 5 کروڑ روٹیوں کا انتظام کیا ہے۔ریڈ کریسنٹ کے مطابق تہران اور دوسرے بڑے شہروں میں 2500 ایمبولینس، 21 ہیلی کاپٹر، 100 ڈرون اور ہزاروں امدادی کارکن تعینات کیے گئے ہیں۔ دو درجن سے زیادہ اسپتال، پانچ لاکھ لیٹر آئی وی فلیوڈ اور 20ہزار کلاس رومز اسٹینڈ بائی پر ہیں۔ حکومت نے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تہران، مشہد اور قم آنے والوں کو جگہ دیں۔
تقریب کے تیسرے دن جنازے کے جلوس کے دارالحکومت کے مشرقی حصے سے مغربی کنارے تک پہنچنے کی توقع ہے۔ خامنہ ای کے جسد خاکی کو بقیہ رسومات کے لیے مقدس شہر قم لے جایا جائے گا اور پھر ہوائی جہاز سے عراق میں نجف اور کربلا میں شیعہ مقدس مقامات پر پہنچایا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں خامنہ ای کے جائے پیدائش مشہد میں امام رضا درگاہ میں ان کی آخری تدفین کے لیے لے جایا جائے گا۔
سابق سپریم لیڈر کے جسد خاکی کی عراق منتقلی اسلامی جمہوریہ کی اس شبیہ کی علامت ہے ، جو خود کو سرحدوں سے باہر ایک انقلابی قوت کے طور پر ظاہر کرتی ہے۔ یہ ایک ایسا پیغام ہے جسے وہ خطے میں برسوں سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے بعد مزید مضبوطی سے پھیلانا چاہتا ہے۔ ایرانی حکام کا اندازہ ہے کہ تقریب میں 40لاکھ سے 1.5کروڑ کے درمیان لوگ شرکت کر سکتے ہیں۔
اس سب کے درمیان یہ سوال باقی ہے کہ کیا مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے؟ وہ 28 فروری سے روپوش ہے۔ وہ صرف تحریری بیانات کے ذریعے اپنے حامیوں سے رابطہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کبھی اپنا چہرہ نہیں دکھایا اور نہ ہی اپنی آواز کا استعمال کیا۔ ایرانی حکام ان کی مکمل صحت یابی کی تصویر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تہران کے مذاکرات کی قیادت کر رہے ہیں۔ اگر مجتبیٰ سامنے آتے ہیں تو یہ ان کی پہلی عوامی موجودگی ہوگی۔ اس ہفتے وہ اپنی اہلیہ کی وداعی تقریب میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔
ایران کی فوج نے جنازے کے جلوس کے دوران کسی بھی قسم کی گڑبڑ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اگر تہران کی قیادت کو دھمکی دی گئی تو وہ فوری اور زبردست جواب دے گا۔ عراقچی کا یہ بیان اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد