
نئی دہلی، 29 جولائی (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج پورے دن جوش و خروش کا ماحول برقرار رہا۔ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران سینسیکس تقریباً 1,000 پوائنٹس تک اچھل گیا، اسی طرح نفٹی بھی تقریباً 300 پوائنٹس کی مضبوطی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ بازار میں اس تیزی کے باعث اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کو آج صرف ایک ہی دن میں 4.27 لاکھ کروڑ روپے کا زبردست منافع ہوا۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 675.85 پوائنٹس یعنی 0.86 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 77,423.77 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد فروخت کا دباؤ بن گیا، جس کے باعث یہ انڈیکس 77,333.24 پوائنٹس تک گر گیا۔ اس کے بعد خریداری میں تیزی آنے سے سینسیکس مسلسل اوپر چڑھتا رہا اور ایک وقت میں 999.51 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر 77,765.43 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم بعد میں منافع وصولی کے سبب معمولی فروخت بھی ہوئی، جس کے باعث سینسیکس دن کی بلند ترین سطح سے 110 پوائنٹس سے زیادہ نیچے آ کر 888.68 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 77,654.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 191.30 پوائنٹس یعنی 0.80 فیصد کی چھلانگ لگا کر 24,176.65 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کا آغاز کیا۔ اگرچہ دن بھر کے دوران وقفے وقفے سے معمولی فروخت کے جھٹکے بھی دیکھنے کو ملے، لیکن خریداری کا زور اتنا زیادہ تھا کہ اس کا انڈیکس کی رفتار پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔ پورے دن کی ٹریڈنگ کے بعد نفٹی اپنی بلند ترین سطح سے تقریباً 34 پوائنٹس نیچے آ کر 264.85 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 24,250.20 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
آج دن بھر کی تجارت کے دوران آئی ٹی، میٹل اور ایف ایم سی جی سیکٹر کے شیئروں میں زبردست خریداری دیکھی گئی۔ خریداری کے سہارے نفٹی کا آئی ٹی انڈیکس 2.32 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح میٹل انڈیکس بھی 2.26 فیصد اچھل گیا، جبکہ ایف ایم سی جی انڈیکس نے 1.50 فیصد کی چھلانگ لگائی۔ اس کے علاوہ کیپٹل گڈز، بینکنگ، میڈیا، ٹیلی کام، کنزیومر ڈوریبلز اور ہیلتھ کیئر انڈیکس بھی مضبوطی کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد