
لکھنؤ، 28 جولائی(ہ س)۔ بھارتی کرکٹ ٹیم اور لکھنؤ فالکنز کے تجربہ کار تیز گیندباز بھونیشور کمار نے اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یو پی سی اے) کی اسپیڈ ہنٹ مہم کو نوجوان تیز گیندبازی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے ریاست کے دور دراز علاقوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو قومی سطح پر اپنی شناخت بنانے کا موقع مل رہا ہے۔
بھونیشور کمار نے کہا کہ گزشتہ تین سیزن میں یو پی ٹی-20 لیگ نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور آنے والے برسوں میں اس کا اثر مزید بڑھنے کی امید ہے۔ ان کے مطابق اسپیڈ ہنٹ کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے اتر پردیش کے مختلف اضلاع سے باصلاحیت نوجوان فاسٹ بولرز کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے شبھم گوتم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بڑے معاہدے حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ جو کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں، ان کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔
بھونیشور نے یوپی سی اے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ میدان میں ملنے والے ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی تمام تر توجہ بہترین کارکردگی پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے کہا کہ یو پی ٹی20- لیگ نوجوان کرکٹرز کو نہ صرف مالی طور پر مضبوط بناتی ہے بلکہ ان پر ذمہ داری بھی بڑھاتی ہے۔ ایسے میں کامیابی کا لطف ضرور اٹھائیں، مگر دباؤ کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں اور مسلسل اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔
بھونیشور کمار کے مطابق یو پی ٹی20. جیسی ریاستی لیگیں اب نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) تک پہنچنے کا مؤثر ذریعہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مواقع محدود تھے، لیکن اب سینکڑوں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کئی کھلاڑی یو پی ٹی20- سے براہِ راست آئی پی ایل تک پہنچ چکے ہیں، جو نئی نسل کے لیے ایک بڑی تحریک ہے۔انہوں نے اس سال ٹورنامنٹ کے مقابلے لکھنؤ اور کانپور، دونوں شہروں میں کرانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ شائقین اپنی مقامی ٹیموں کو قریب سے دیکھ سکیں گے اور لیگ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
یو پی ٹی-20 لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 اگست سے شروع ہوگا۔ افتتاحی تقریب اور ابتدائی مرحلے کے میچ بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی اکانا کرکٹ اسٹیڈیم، لکھنؤ میں کھیلے جائیں گے، جبکہ دوسرا مرحلہ، پلے آف اور فائنل گرین پارک اسٹیڈیم، کانپور میں منعقد ہوں گے۔ 24 روزہ اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 13 ڈبل ہیڈر اور 8 سنگل ہیڈر مقابلے شامل ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan