
گلاسگو، 28 جولائی (ہ س)۔
کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ہندوستان کی پیرا ایتھلیٹکس ٹیم نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ شرمیلا دھنکھڑ نے مقامی وقت کے مطابق پیر کے روز خواتین کی شاٹ پُٹ ایف57 مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت کر کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پیرا ایتھلیٹکس میں ہندوستان کو پہلا سونے کا تمغہ دلایا۔
اس کے ساتھ ہی وہ کامن ویلتھ گیمز میں پیرا ایتھلیٹکس میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بھی بن گئیں۔ شرمیلا نے فائنل میں 9.81 میٹر کا بہترین تھرو کر کے پہلا مقام حاصل کیا اور تاریخ رقم کر دی۔ ایف57 زمرہ ان کھلاڑیوں کے لیے ہوتا ہے جن کے جسم کے نچلے حصے میں معذوری، اعضاء کی کمی یا پٹھوں کی طاقت کم ہوتی ہے۔
اسی مقابلے میں ہندوستان کی شلپا کے شائلا نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ شروعات میں شلپا 7.26 میٹر کے ساتھ چوتھے مقام پر تھیں، لیکن نائجیریا کی یوکاریا اییاجی کا 8.19 میٹر کا واحد درست تھرو تکنیکی جانچ کے بعد فاول قرار دے دیا گیا۔ اس کے بعد شلپا تیسرے مقام پر پہنچ گئیں اور انہیں کانسے کا تمغہ ملا۔ یہ پہلی بار ہے جب کامن ویلتھ گیمز کے کسی ایک پیرا ایتھلیٹکس مقابلے میں ہندوستان نے دو تمغے جیتے ہیں۔ شر میلا کے تاریخی سونے اور شلپا کے کانسے نے ہندوستانی دستے کے لیے ایک یادگار دن بنا دیا۔ ان دونوں تمغوں کے ساتھ ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے، جس میں دو سونے، پانچ چاندی اور تین کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ تمغوں کی جدول (ٹیبل) میں ہندوستان فی الحال آٹھویں مقام پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن