
گلاسگو، 28 جولائی (ہ س)۔
ہندوستان کے اسٹار ہائی جمپ کھلاڑی سرویش کشارے نے پیر کے روز کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے اونچی چھلانگ مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گلاسگو کھیلوں میں ایتھلیٹکس میں ہندوستان کو پہلا تمغہ دلایا۔
31 سالہ سرویش نے فائنل میں 2.05 میٹر، 2.10 میٹر، 2.15 میٹر اور 2.20 میٹر کی اونچائی پہلی ہی کوشش میں کامیابی کے ساتھ پار کی۔ اس کے بعد انہوں نے 2.25 میٹر کی اونچائی تیسری کوشش میں پار کرکے چاندی کا تمغہ تقریباً یقینی کرلیا۔
جمیکا کے رومین بیک فورڈ نے بھی 2.25 میٹر کی اونچائی پار کی، لیکن انہوں نے یہ اونچائی پہلی کوشش میں ہی پار کرلی تھی۔ اسی بنیاد پر انہیں سونے کا تمغہ ملا۔ اس کے بعد دونوں کھلاڑی 2.28 میٹر کی اونچائی پار کرنے میں تینوں کوششوں میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کے کیمانی جیک نے 2.20 میٹر کی چھلانگ لگا کر کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔
سرویش کشارے شاندار فارم میں کامن ویلتھ گیمز میں پہنچے تھے۔ انہوں نے 27 جون کو بھونیشور میں منعقدہ نیشنل انٹر اسٹیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 2.31 میٹر کی چھلانگ لگا کر نیا قومی ریکارڈ بنایا تھا۔ اس کے علاوہ 2025 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کے ہائی جمپ فائنل میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی بن کر انہوں نے تاریخ بھی رقم کی تھی، جہاں انہوں نے چھٹا مقام حاصل کیا تھا۔
ہندوستان کی جانب سے اس مقابلے کے فائنل میں تین کھلاڑی اترے تھے۔ تاہم، تجسون شنکر ابتدائی 2.05 میٹر کی اونچائی پار کرنے میں ناکام رہنے کے بعد چوٹ کے باعث مقابلے سے باہر ہو گئے۔ اس کے باوجود برمنگھم 2022 کے کانسے کا تمغہ فاتح تجسون پورے مقابلے کے دوران ٹریک کے کنارے موجود رہے اور سرویش کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔ ہندوستان کے ایک اور کھلاڑی جے آدرش رام بھی فائنل میں شامل تھے۔
سرویش کشارے کے اس چاندی کے تمغے کے ساتھ ہندوستان نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ایتھلیٹکس میں اپنا تمغوں کا کھاتہ کھول دیا، جس سے ہندوستانی دستے کی تمغوں کی امیدوں کو نئی طاقت ملی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن