
چنڈی گڑھ، 28 جولائی (ہ س)۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے ڈیری شعبے کو نئی رفتار دینے، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے مقصد سے پانچ اہم اعلانات کیے ہیں۔ ان فیصلوں سے نہ صرف ڈیری کاروبار کو فروغ ملے گا بلکہ دیہی معیشت اور تعاونی تحریک کو بھی نئی مضبوطی حاصل ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ویٹا کو دودھ فراہم کرنے والے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور ویمن سی ایم پیکس سے وابستہ خواتین کو فی لیٹر 10 روپے کی ترغیبی رقم دی جائے گی۔ اس اقدام سے زیادہ سے زیادہ خواتین کو ڈیری کاروبار اختیار کرنے کی ترغیب ملے گی۔انہوں نے دیہی علاقوں میں پنچایتی اراضی پر ’سانجھی ڈیری‘ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان اجتماعی ڈیری مراکز میں خواتین سیلف ہیلپ گروپس کی ارکان کے مویشیوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے مویشی پالنے کی لاگت کم ہوگی اور خواتین کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ ہریانہ ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹو فیڈریشن خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور ویمن سی ایم پیکس کی ارکان کو دودھ دینے والے مویشی خریدنے کے لیے رعایتی شرح سود پر قرض فراہم کرنے میں تعاون کرے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین ڈیری کاروبار اپنا کر خود کفیل بن سکیں۔اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ دودھ پیداوار ترغیبی اسکیم کے تحت ہریانہ ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹو فیڈریشن کو دودھ فراہم کرنے والے دودھ پیدا کرنے والوں کے لیے ترغیبی رقم میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ گرمیوں کے موسم میں ترغیبی رقم فی لیٹر 5 روپے سے بڑھا کر 7 روپے فی لیٹر کر دی جائے گی،اورسردیوں کے موسم میں ترغیبی رقم فی لیٹر 3 روپے سے بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کر دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں اور خواتین کی آمدنی میں اضافہ، ڈیری شعبے کو مضبوط بنانے اور تعاون تحریک کو نئی توانائی دینے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ فیصلے دیہی معیشت کو مزید مستحکم کریں گے اور ہریانہ کو ڈیری ترقی کے میدان میں ملک کی صفِ اول کی ریاستوں میں شامل کریں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan