
فرخ آباد، 27 جولائی (ہ س)۔ ہریانہ کے فرید آباد ضلع کے ایک نوجوان کا اتر پردیش کے فرخ آباد ضلع کے قادری گیٹ تھانہ علاقہ میں دیرینہ زمینی تنازعہ کی وجہ سے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کے پیچھے زمین کا تنازعہ سامنے آیا ہے۔ کانپور رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جمنا پرساد نے قتل کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے پیر کو صحافیوں کے ساتھ یہ معلومات شیئر کیں۔
ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔ مقتول کی اہلیہ اور اہل خانہ پوسٹ مارٹم ہاوس میں موجود ہیں۔ ان سے پوچھ گچھ کے دوران موصولہ حقائق کی بنیاد پر پولیس کی ایک ٹیم ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے فرید آباد کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ڈی آئی جی نے امکان ظاہر کیا کہ یہ قتل کرایہ کے شوٹروں یا جرائم پیشہ افراد کی جانب سے کی جانے والی کنٹریکٹ کلنگ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے سلسلے میں فرید آباد پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے، اور متعلقہ معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہریانہ کے فرید آباد کے چندولی تھانہ علاقے کے دیال پور کے رہنے والے سریندر سنگھ کے بیٹے ارون سنگھ (32) کو اتر پردیش کے فرخ آباد ضلع کے پنچال گھاٹ میں اتوار کی دیر رات گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔ وہ 24 جولائی کو اپنی بیوی راکھی اور دو سالہ بیٹے جینت کے ساتھ کار سے یاترا پر نکلے تھے اور بنارس کے کاشی وشواناتھ دھام میںپوجاکے بعد فرید آباد واپس آ رہے تھے۔ اتوار کی دیر رات، فرخ آباد کے راستے آگرہ کی سمت سے سفر کرتے ہوئے، ارون سنگھ نے بچے کے لیے کولڈ ڈرنک اور چاکلیٹ خریدنے کے لیے اپنی کار قادری گیٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پنچال گھاٹ پولیس چوکی کے قریب ایک پترول پمپ کے قریب پنکج چوہان کے گروسری اسٹور پر روکی۔ جب وہ گاڑی سے باہر نکلا تو سفید رنگ کی کار میں آنے والے دو حملہ آوروں نے اس کے سر میں گولی مار کر اسے ہلاک کر دیا۔ واقعے کے بعد حملہ آور مسینی کراسنگ کی طرف فرار ہوگئے ۔ معاملہ کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی جمنا پرساد نے آج ایس پی آرتی سنگھ اور اے ایس پی گریش چندر سے تفصیلی بات چیت کی اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی