
نئی دہلی، 23 جولائی (ہ س)۔
گھریلو شیئر بازار آج ابتدائی کاروبار کے دوران اتار چڑھاو کے درمیان ریکوری کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات گراوٹ کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے فوراً بعد خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان رسہ کشی شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے بازار کی چال میں اتار چڑھاو ہونے لگا۔ اس اتار چڑھاو کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کے کاروبار میں خریداروں کا پلڑا بھاری نظر آ رہا تھا۔ ابتدائی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 0.18 فیصد اور نفٹی 0.17 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کی سرکردہ کمپنیوں میں سے شری رام فنانس، ایٹرنل، ہنڈالکو انڈسٹریز، ٹرینٹ لمیٹڈ اور بجاج فنسرو کے شیئر 1.29 فیصد سے لے کر 0.61 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز، نیسلے، اڈانی انٹرپرائزز، ٹاٹا اسٹیل اور اڈانی پورٹس کے شیئر 2.83 فیصد سے لے کر 0.80 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,639 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 957 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 1,682 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 10 شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب، 20 شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 18 شیئر سبز نشان میں اور 32 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آ رہے تھے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 239.95 پوائنٹس یعنی 0.31 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 76,515.10 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ بازار کھلتے ہی خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان ایک دوسرے پر حاوی ہونے کی کوشش شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی چال میں اتار چڑھاو ہونے لگا۔ فروخت کے دباو میں سینسیکس 400 پوائنٹس سے زیادہ گر کر 76,344.67 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ حالانکہ پہلے 20 منٹ کے بعد ہی بازار میں خریداروں کا زور بڑھتا ہوا نظر آنے لگا، جس سے اس انڈیکس کی چال میں سدھار ہونے لگا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان ابتدائی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے سینسیکس 140.05 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 76,615 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 91.45 پوائنٹس یعنی 0.38 فیصد گر کر 23,904.80 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے کچھ دیر بعد فروخت کا دباو بننے پر یہ انڈیکس تقریباً 120 پوائنٹس گر کر 23,876.20 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے اس انڈیکس کی چال میں سدھار ہونے لگا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان ابتدائی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے نفٹی 39.60 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 23,956.65 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن