گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں ان ہندوستانی کھلاڑیوںسے تمغے کی سب سے زیادہ امیدیں وابستہ
نئی دہلی، 22 جولائی (ہ س)۔ 23 جولائی سے 2 اگست تک اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں منعقد ہونے والے 2026 کامن ویلتھ گیمز (دولت مشترکہ کھیلوں)میں ہندوستانی دستہ ایک بار پھر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ارادے سے حصہ لے گا۔ تجربہ کار ستاروں اور نوجوان کھلا
Sports-CWG2026-INDIA-MEDAL-HOPES


نئی دہلی، 22 جولائی (ہ س)۔ 23 جولائی سے 2 اگست تک اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں منعقد ہونے والے 2026 کامن ویلتھ گیمز (دولت مشترکہ کھیلوں)میں ہندوستانی دستہ ایک بار پھر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ارادے سے حصہ لے گا۔ تجربہ کار ستاروں اور نوجوان کھلاڑیوں کے امتزاج والی ہندوستانی ٹیم سے کئی مقابلوں میں تمغے جیتنے کی امید کی جا رہی ہے۔ خاص طور پر نیرج چوپڑا، میرا بائی چانو اور لولینا بورگوہین جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں پر ملک کی نظریں ہوں گی۔

اس سال دولت مشترکہ کھیلوں میں 74 ممالک اور خطوں کے 3000 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔ مقابلے میں ایتھلیٹکس، تیراکی، آرٹسٹک جمناسٹک، ٹریک سائیکلنگ، نیٹ بال، ویٹ لفٹنگ، باکسنگ، جوڈو، باؤلز اور 3x3 باسکٹ بال سمیت 10 کھیل پیش شامل ہیں۔

نیرج چوپڑاسے ایک بار پھر گولڈ میڈل کی امید

اولمپک میں سونے کاتمغہ جیتنے والے ہندوستان کے اسٹار نیزہ پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا ایک بار پھر ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے اور انہیں سونے کے تمغے کی سب سے مضبوط امید سمجھا جاتا ہے۔

میرا بائی چانو لگا سکتی ہیں سونے کی ہیٹ ٹرک

ہندوستان کی اسٹار ویٹ لفٹر میرا بائی چانو پہلے ہی دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کے دو اور چاندی کا ایک تمغہ جیت چکی ہیں۔ انہوں نے 2018 گولڈ کوسٹ اور 2022 کے برمنگھم گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ گلاسگو میں، وہ مسلسل تیسرا سونے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے کا ارادے سے مقابلے میں اتریں گی۔

باکسنگ میں لولینا بورگوہین سے بڑی امیدیں

ٹوکیو اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی اور 2023 کی عالمی چمپئن لولینا بورگوہین خواتین کے 75 کلوگرام وزن کے زمرے میں ہندوستان کی سرفہرست تمغہ کی دعویدار ہوں گی۔ اپنی مستقل مزاجی اور تجربے کے ساتھ، ان سے سونے کا تمغہ جیتنے کی امید ہے۔

سب کی نظریں گروندر ویر سنگھ پر ہوں گی

ہندوستان کے تیز ترین اسپرنٹر گروندر ویر سنگھ نے اس سال 10.09 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ 100 میٹر کا قومی ریکارڈ توڑا۔ وہ پہلی بار دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ لیں گے اور اتھلیٹکس میں ہندوستان کے لیے تمغہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پرنتی نائک جمناسٹک میں چیلنج پیش کریں گی

تجربہ کار جمناسٹ پرنتی نائک آرٹسٹک جمناسٹک میں ہندوستان کے چیلنج کی قیادت کریں گی، جن کا مقصد اپنا پہلا کامن ویلتھ گیمز کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنا ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں سے بھی بہتر کارکردگی کی توقع

ان تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ سرویش کشارے اور گیانیشوری یادو جیسے نوجوان کھلاڑی بھی کامن ویلتھ گیمز میں ڈیبیو کریں گے۔ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایسی کارکردگی پیش کریں گے جو مستقبل میں ایک مضبوط ہندوستانی ٹیم کی بنیاد رکھے گی۔

ہندوستان 2030 دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی بھی کرے گا۔ اس لیے گلاسگو میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی نہ صرف تمغوں کے معاملے میں بلکہ احمد آباد 2030 کی تیاریوں میں بھی اہم ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande