
منیلا، 22 جولائی (ہ س)۔ امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے خلاف اپنے مضبوط حفاظتی موقف کو دہراتے ہوئے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان سے متعلق وزارتی سطح کی میٹنگوں کے دوران ہونے والی سہ فریقی بات چیت میں یہ عہد کیا۔
جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یونہاپ نے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ وزیر خارجہ چو ہیون، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور جاپان کے وزیر خارجہ توشی میتسو موتیگی نے شمالی کوریا کی پالیسی پر قریبی تال میل برقرار رکھنے اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے پر اتفاق کیا۔
میٹنگ کے دوران وزرائے خارجہ نے جزیرہ نما کوریا کی موجودہ سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے تعاون اور بات چیت جاری رکھی جائے گی۔
تینوں ممالک نے اقتصادی سلامتی کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ جوہری توانائی، اہم معدنیات، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور اقتصادی دباؤ کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے جیسے موضوعات پر پالیسی تال میل بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
میٹنگ میں ہند ۔ بحرالکاہل خطے کی سلامتی، سمندری قوانین کے احترام، علاقائی استحکام اور یکطرفہ طور پر صورتحال (اسٹیٹس کو) کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں ممالک نے بین الاقوامی قانون اور سمندری سلامتی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
میٹنگ میں آفات سے نمٹنے، جدید ٹیکنالوجی کے تحفظ اور باقاعدہ سہ فریقی مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ تینوں ممالک نے تیسرے ممالک، خاص طور پر ہند ۔ بحرالکاہل خطے میں چھوٹے ماڈیولر جوہری ری ایکٹروں کی تنصیب کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے ڈھانچے پر کام آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد