
واشنگٹن،19جولائی(ہ س)۔مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے امریکی محکمہ خارجہ (سٹیٹ ڈپارٹمنٹ) نے سلامتی کی صورتِ حال کو بدستور پیچیدہ قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی حامی گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات اور شہریوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوائزری یا سفری ہدایت نامے میں امریکی شہریوں کو بدستور احتیاط سے کام لینے اور تازہ پیش رفت سے آگاہ رہنے کے لیے خبروں پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔’امریکی محکمہ خارجہ دنیا بھر میں موجود امریکی شہریوں، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں مقیم افراد، کو مشورہ دیتا ہے کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں۔ بیرونِ ملک موجود امریکی شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے قریب ترین امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔‘ہدایت نامے میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ پروازوں کی منسوخی اور وقتاً فوقتاً فضائی حدود کی بندش کے باعث سفر میں رکاوٹیں بھی پیش آ سکتی ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے علاوہ دیگر علاقوں میں واقع امریکی سفارتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ ’ایران کے حامی گروہ بیرونِ ملک امریکی مفادات یا دنیا بھر میں امریکہ اور امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔‘ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan