صدرجمہوریہ مرمو مالڈووا پہنچ گئیں، نائب وزیرِ اعظم میہائی پوپشوئی نے استقبال کیا
نئی دہلی، 20 جولائی (ہ س): صدر دروپدی مرمو اپنے تین ممالک کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں پیر کے روز مالڈووا کے دارالحکومت چیشیناؤ پہنچ گئیں۔ چیشیناؤ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مالڈووا کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ میہائی پوپشوئی نے ان کا پ
صدرجمہوریہ مرمو مالڈووا پہنچ گئیں، نائب وزیرِ اعظم میہائی پوپشوئی نے استقبال کیا


نئی دہلی، 20 جولائی (ہ س): صدر دروپدی مرمو اپنے تین ممالک کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں پیر کے روز مالڈووا کے دارالحکومت چیشیناؤ پہنچ گئیں۔ چیشیناؤ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مالڈووا کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ میہائی پوپشوئی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ کسی بھی بھارتی صدر کا مالڈووا کا پہلا دورہ ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر مرمو کے مالڈووا پہنچنے کی اطلاع دی۔

صدر کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مرمو اپنے مالڈووا، شمالی مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مالڈووا کے دارالحکومت چیشیناؤ پہنچیں، جہاں مالڈووا کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ میہائی پوپشوئی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر مرمو پیر کے روز مالڈووا کی صدر مایا ساندو کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ مالڈووا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ایگور گروسو سے ملاقات کریں گی اور مالڈووا-بھارت پارلیمانی دوستی گروپ کے اراکین سے بھی بات چیت کریں گی۔ ان کا تجارتی فورم سے خطاب کرنے اور مالڈووا میں مقیم بھارتی برادری کے افراد سے ملاقات کرنے کا بھی پروگرام ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ صدرجمہوریہ مرمو 19 سے 25 جولائی تک مالڈووا، شمالی مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوسرے مرحلے میں وہ 21 جولائی کو شمالی مقدونیہ پہنچیں گی، جہاں وہ صدر گوردانا سیلیانووسکا-داوکوا کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گی۔ وہ وزیرِ اعظم ہرسٹیجان میکوسکی سے ملاقات کریں گی، شمالی مقدونیہ کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی اور بھارت-شمالی مقدونیہ تجارتی فورم میں بھی شرکت کریں گی۔

دورے کے آخری مرحلے میں صدرمرمو 23 جولائی کو رومانیہ پہنچیں گی۔ وہاں وہ صدر، عبوری وزیرِ اعظم اور سینیٹ کے چیئرمین سے ملاقات کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ بھارت-رومانیہ پارلیمانی دوستی گروپ کے اراکین سے بات چیت کریں گی، بھارت-رومانیہ تجارتی فورم سے خطاب کریں گی اور بھارتی برادری کے افراد سے بھی ملاقات کریں گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande