

۔وزیر اعظم مودی اور وزیر جتیندر سنگھ نے مبارکباد دی
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان کا پہلا پرائیویٹ آربیٹل راکٹ وکرم -1 ہفتہ کو آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں ستیش دھون خلائی مرکز سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔اس لانچ کو ’مشن آگمن‘ کا نام دیا گیا ہے۔
مشن کو اصل میں 11:30 بجے لانچ کیا جانا تھا، لیکن تکنیکی وجوہات کی بناءپر اسے دوپہر 12:06 پر لانچ کیا گیا۔حیدرآباد میں قائم اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے ذریعہ بنایا گیا وکرم-1تین ٹھوس ایندھن کے مراحل اور ایک مائع آربیٹل ایڈجسٹمنٹ ماڈیول سے تقویت یافتہ ہے۔
وکرم-1 کے لانچ کے ساتھ ہی، ہندوستان نے گلوبل پرائیویٹ آربیٹل لانچ مارکیٹ میں قدم رکھ دیاہے۔ یہ ہندوستان کی تجارتی خلائی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس اور اس کے سائنسدانوں کو کامیاب لانچنگ پر مبارکباد دی۔ کمپنی کے شریک بانی، پون کمار چندنا اور ناگا بھرت ڈاکا سے فون پر بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ اسکائی روٹ نے اپنی جڑیں آسمان میں پیوست کر دی ہیں اور زمین پر بھی ان جڑوں کو مضبوط کیا ہے، جس سے ملک کے نوجوانوں کو ترغیب ملے گی۔
اسرو کے دفتر میں کمپنی کے شریک بانی پون کمار چندنا سے فون پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسے آتم نربھر بھارت کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس کامیابی نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ ہندوستان خلائی شعبے میں نجی شعبے کی شراکت سے بھی خود انحصار بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسکائی روٹ کی نوجوان ٹیم نے عزم اور محنت کے ذریعے مادر وطن ہندوستان کے وقار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے اسے ’وندے ماترم مشن‘ کی طرح قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نئی نسل کو ٹیکنالوجی کے فوائد دینے اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرنے کا کام کرے گا۔ انہوں نے اسکائی روٹ ٹیم کو بھی جلد ملاقات کرنے کے لئے بھی مدعو کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں آتم نربھر بھارت کی بات کرتا تھا تو ناسمجھی میں لوگ اس کا مذاق اڑاتے تھے۔ آج آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اس شعبے میں بھی خود انحصاری کے قابل ہیں۔ آپ نے اس قابلیت کا مظاہرہ کیا۔
سائنس اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ملک کے پہلے نجی طور پر تیار کردہ آربیٹل کلاس راکٹ وکرم-1 کی لانچنگ کو آئی سی ایم آر سے براہ راست دیکھا۔ انہوں نے اس کے کامیاب آغاز کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔
اس موقع پر انہوں نے تمام سائنسدانوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے اسکائی روٹ ایراسپیس کی پوری ٹیم کو وکرم-1 کی کامیاب لانچنگ پر مبارکباد دی، جو کہ ہندوستان کی پہلی نجی طور پر تیار کردہ آربیٹل لانچ وہیکل ہے۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا، ”وکرم-1 کے کامیاب لانچ پر اسکائی روٹ ایرو اسپیس کو تہہ دل سے مبارکباد۔ ہندوستان کی پہلی نجی طور پر تیار کردہ آربیٹل لانچ وہیکل کا یہ مشن ملک کے تیزی سے ابھرتے ہوئے نجی خلائی شعبے کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔ یہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی خلائی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں اور ترقی پذیر خلائی معیشت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔“
وکرم-1 کی خصوصیات
وکرم-1 ایک چار مرحلوں پر مشتمل آربیٹل راکٹ ہے، جس کی لمبائی تقریباً 20 میٹر اور قطر 1.7 میٹر ہے۔ اس کے پہلے تین مراحل ٹھوس پروپلشن پر کام کرتے ہیں، جب کہ چوتھا مرحلہ ا مدار میں پہنچنے اور درست موومنٹ کے لیے مائع ایندھن کے انجن کا استعمال کرتا ہے۔ یہ مکمل طور پر کاربن مرکب ساخت سے بنایا گیا ہے۔
وکرم-1 ایک 3ڈی پرنٹ شدہ انجن اور ہائی تھرسٹ ٹھوس ایندھن کے بوسٹرز سے تقویت یافتہ ہے اور اسے 350 کلوگرام تک کے چھوٹے سیٹلائٹ کو کم زمین کے مدار میں چھوڑنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد