
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س):۔
ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کے تحت مہاراشٹر کے تھانے کریک کے نیچے ملک کی پہلی سمندر کے اندر بننے والی سرنگ کی تعمیر کے لئے دوسری ٹنل بورنگ مشین (ٹی بی ایم) نے ہفتہ کو ساولی (گھنسولی) سے وکرولی کی طرف کھدائی شروع کر دی ۔ 10 کلو میٹر لمبے اس سیکشن میں سات کلومیٹر حصے کو تھانے کریک میں زیر سمندر تعمیر کیا جائے گا۔ کسی بھی ریل راہداری کے لیے یہ ہندوستان کی پہلی زیر سمندر سرنگ ہوگی۔
مرکزی وزارت ریلوے نے کہا کہ ممبئی-احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل پروجیکٹ کے 21 کلو میٹر طویل زیر زمین ٹنل سیکشن میں سے 16 کلو میٹر ٹنل بورنگ مشینوں کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ پہلی ٹی بی ایم نے 5 جولائی کو وکرولی سے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) کی طرف چھ کلومیٹر کے حصے کے لیے کھدائی شروع کی۔ بقیہ پانچ کلومیٹر نیو آسٹرین ٹنلنگ میتھڈ (این اے ٹی ایم) کا استعمال کرتے ہوئے پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ یہ ٹی بی ایم ہندوستان میں ریل سرنگ کی تعمیر کے لیے استعمال ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی مشینوں میں سے ایک ہے۔ اس کا کٹر ہیڈ قطر میں 13.6 میٹر ہے، وزن 3,200 ٹن ہے، اور اس کی کل لمبائی 96 میٹر ہے۔ یہ ایک مکس شیلڈ قسم کا نیم خودکار سلوری پر مبنی ٹی بی ایم ہے، جو دباو¿ والے بینٹونائٹ سلری سرکٹ کے ذریعے کھدائی کے دوران سرنگ کے فیسکو مستحکم کرتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا استعمال ممبئی کے مضافاتی علاقے کے ارضیاتی حالات کی وجہ سے کیا جا رہا ہے تاکہ نیچے کی سطح کو کنٹرول کیا جا سکے اور سطح کی خرابی کو کم کیا جا سکے۔
ٹی بی ایم کو لانچ کرنے کے لیے ساولی میں 39 میٹر گہرا شافٹ کھودا گیا ہے۔ محدود جگہ کی وجہ سے، مشین کو نیچے کر کے الگ الگ حصوں میں جمع کیا گیا تھا۔ پروجیکٹ کی جگہ پر ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، سلری ٹریٹمنٹ پلانٹ، بینٹونائٹ اسٹوریج ٹینک، پاور سب اسٹیشن، بیک اپ جنریٹر، ریڈی مکس کنکریٹ پلانٹ اور دیگر ضروری لاجسٹک سہولیات بھی نصب کی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ