ویسٹ انڈیز کے موجودہ کپتانوں نے سوبرز کو خراج عقیدت پیش کیا،کہا-ان کی میراث نسلوں کو ترغیب دیتی رہے گی
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز کے موجودہ کرکٹ کپتانوں روسٹن چیز (ٹیسٹ)، شائی ہوپ (ٹی 20 اور ون ڈے) اور ہیلی میتھیوز (خواتین ٹیم) نے عظیم کرکٹ کھلاڑی سر گارفیلڈ (سر گیری) سوبرز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی قابلیت،
Sports-Cricket-Lara-pays-tribute-Sobers


نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز کے موجودہ کرکٹ کپتانوں روسٹن چیز (ٹیسٹ)، شائی ہوپ (ٹی 20 اور ون ڈے) اور ہیلی میتھیوز (خواتین ٹیم) نے عظیم کرکٹ کھلاڑی سر گارفیلڈ (سر گیری) سوبرز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی قابلیت، عاجزی اور کھیل کے تئیں ان کی لگن نے ایسا معیار قائم کیا ہے ، جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعث ترغیب رہے گی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے مشترکہ بیان میں کپتانوں نے کہا کہ ”ویسٹ انڈیز کرکٹ کی کپتانی کرتے ہوئے ہم اس ذمہ داری کو سمجھتے ہیں جو ان عظیم کھلاڑیوں کی میراث کو آگے بڑھا نے کے ساتھ آتی ہے جنہوں نے اس شاندار تاریخ کی بنیاد رکھی۔ سر گیری کی صلاحیت، ان کی عاجزی اور کھیل کے تئیں ان کی لگن نے ایک ایسا معیار قائم کیا ہے جو ہر نئی نسل کی رہنمائی کرتا رہے گا۔“

انہوں نے مزید کہا”ہم ان کے اہل خانہ اور عزیزوں کے تئیں اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ایسی عظیم شخصیت کی زندگی کا احترام کرتے ہیں جس نے سرحدوں سے ماورا اپنی شناخت قائم کی ۔ ان کی وراثت کرکٹ کی تاریخ، کیریبیائی جذبے اوراس کھیل سے محبت کرنے والے ہر شخص کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔“

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ویڈیو کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں سر گارفیلڈ سوبرز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی۔

پوسٹ کے ساتھ لکھا گیا، ”اس عظیم کھلاڑی کو خراج عقیدت جس نے ہم سب کو متاثر کیا۔ سکون سے آرام کریں ، سر گیری ۔“

89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویسٹ انڈیز کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک سر گارفیلڈ سوبرز 17 جولائی 2026 کو 89 سال کی عمر میں سینٹ مائیکل، بارباڈوس میں واقع اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔ ان کے بیٹے ڈینیئل سوبرز کے مطابق ،انہوں نے پرسکون طریقے سے آخری سانس لی۔ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے اور سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے انہیں آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا تھا۔

کرکٹ کی تاریخ کے عظیم آل راؤنڈرز میں شمار کیے جانے والے سر گارفیلڈ سوبرز نے 1954 سے 1974 کے درمیان ویسٹ انڈیز کے لیے 93 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ اس عرصے کے دوران انھوں نے 57.78 کی اوسط سے 8,032 رن بنائے جس میں 26 سنچریاں شامل تھیں۔ انہوں نے گیند بازی میںبھی اپنا ہنر دکھاتے ہوئے 235 وکٹیں حاصل کیں۔

1958 میں پاکستان کے خلاف ان کی 365 رن کی ناٹ آوٹ اننگزاس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور تھا اور یہ 36 سال تک عالمی ریکارڈ رہا۔1968 میں ناٹنگھم شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے گلیمورگن کے میلکم نیش کے ایک اوور میں لگاتار چھ چھکے لگا کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

کرکٹ میں ان کی شاندار شراکت کے لیے، ملکہ الزبتھ دوم نے انہیں 1975 میں نائٹ ہڈ سے نوازا۔ 2000 میں، انہیں وزڈن نے 20 ویں صدی کے پانچ عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک قرار دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سال کے بہترین مرد کرکٹر کو دی جانے والی باوقار سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی ان کی افسانوی میراث کی علامت بنی ہوئی ہے۔ سر گارفیلڈ سوبرز کے انتقال کے بعد دنیا بھر کے کرکٹرز اور کھیلوں کی شخصیات انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande