
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔ ملک کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمال مغربی ہند سمیت ملک کے کئی حصوں میں اگلے چھ سے سات دنوں تک مانسون کے سرگرم رہنے کی پیش گوئی جاری کی ہے۔ محکمہ کے مطابق ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب اور مغربی اتر پردیش میں اگلے چھ دنوں کے دوران وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں جموں و کشمیر اور لداخ کے کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے وسطی، مشرقی، شمال مشرقی اور مغربی ہند کی کئی ریاستوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں اتوار کو دوپہر یا شام کے وقت ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم بارش کے باوجود لوگوں کو فوری طور پر حبس اور گرمی سے راحت ملنے کے امکانات کم ہیں۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ 20 اور 21 جولائی کو بھی موسم کا رجحان تقریباً ایسا ہی رہنے کی توقع ہے، تاہم درجہ حرارت میں معمولی اتار چڑھاؤ ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج کے لیے بھی دہلی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ دن بھر کچھ علاقوں میں ہلکی پھوار اور بوندا باندی ہوئی، لیکن زیادہ تر علاقوں میں حبس بھری گرمی برقرار رہی۔ بادلوں کی آمد و رفت کے باوجود لوگوں کو متوقع راحت نہیں مل سکی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگلے چھ سے سات دنوں تک شمال مغربی، مشرقی اور شمال مشرقی بھارت میں مانسون کی سرگرمیاں تیز رہیں گی۔ اس دوران ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے الگ الگ علاقوں میں 19 سے 21 جولائی کے درمیان انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے برعکس مغربی وسطی بھارت اور جنوبی جزیرہ نما بھارت کے بیشتر حصوں میں بارش کی سرگرمیوں میں کچھ کمی آنے کی توقع ہے۔
پیش گوئی کے مطابق ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب اور مغربی اتر پردیش میں اگلے چھ دنوں تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور بعض جگہوں پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں جموں و کشمیر اور لداخ کے پہاڑی علاقوں میں تیز اور جھکڑ دار ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
آئی ایم ڈی نے وسطی ہند، مشرقی ہند، شمال مشرقی ہند، مغربی ہند اور جنوبی جزیرہ نما ہند کے کئی حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، شہری علاقوں میں ٹریفک متاثر ہونے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور کچھ مقامات پر مقامی سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی اور معمولات زندگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ ساحلی کرناٹک، شمالی اندرونی کرناٹک اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں 19 سے 24 جولائی تک تیز سطحی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ وہیں تلنگانہ میں 19 سے 22 جولائی کے درمیان تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ دوسری جانب ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور پنجاب میں بارش کے باوجود گرم اور حبس بھرا موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھتیس گڑھ اور میگھالیہ میں 21 سینٹی میٹر تک انتہائی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال و سکم، جھارکھنڈ، اروناچل پردیش اور تمل ناڈو میں 12 سے 20 سینٹی میٹر تک بہت شدید بارش درج کی گئی۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مشرقی اتر پردیش، مشرقی مدھیہ پردیش، گجرات خطہ، کونکن-گوا، اڈیشہ، بہار، تریپورہ، ساحلی اور جنوبی اندرونی کرناٹک، ساحلی آندھرا پردیش-ینم اور کیرالہ کے کئی علاقوں میں 7 سے 11 سینٹی میٹر تک شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وارننگ والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پانی جمع ہونے والے علاقوں میں احتیاط برتیں اور مقامی انتظامیہ و محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ موسمی بلیٹن اور ہدایات پر عمل کریں۔ محکمہ نے خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے لوگوں کو موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد