
ٹوکیو، 16 جولائی (ہ س)۔ بھارت کی دو بار کی اولمپک تمغہ یافتہ پی وی سندھو نے جاپان اوپن سپر 750 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی عالمی نمبر-5 کھلاڑی ہان یوئے کو سیدھے گیمز میں شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ عالمی نمبر-10 سندھو نے دوسرے راؤنڈ کے مقابلے میں محض 35 منٹ میں ہان یوئے کو 16-21، 14-21 سے ہرایا۔ اس سیزن میں سندھو کی یہ بہترین کارکردگیوں میں سے ایک مانی جا رہی ہے۔
مقابلے کے آغاز میں سندھو کچھ سست نظر آئیں، لیکن پہلے گیم کے درمیانی مرحلے تک انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے گیم میں کنٹرول حاصل کر لیا اور برتری قائم کر لی۔ دوسرے گیم میں سندھو مکمل طور پر حاوی رہیں۔ انہوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 0-8 کی برتری حاصل کی اور پھر آسانی سے میچ اپنے نام کر لیا۔
اب کوارٹر فائنل میں سندھو کا مقابلہ جاپان کی تجربہ کار کھلاڑی نوزومی اوکوہارا سے ہوگا۔ اوکوہارا کو دوسرے راؤنڈ میں جنوبی کوریا کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی آن سے-یونگ کے نام واپس لینے کے باعث واک اوور ملا۔
اس جیت کے ساتھ سندھو ٹورنامنٹ میں بھارت کی واحد امید رہ گئی ہیں۔ مکسڈ ڈبلز میں تنیشا کریسٹو اور دھرو کپیلا کی جوڑی پری کوارٹر فائنل میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ بھارتی جوڑی نے سخت مقابلہ کیا، لیکن چین کی ٹاپ سیڈ جوڑی فینگ یان ژے اور ہوانگ ڈونگ پنگ کے خلاف 22-20، 21-17 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 47 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں بھارتی کھلاڑیوں نے بھرپور جدوجہد کی، لیکن کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد