آئی سی سی بورڈ کی سالانہ میٹنگ میں اہم فیصلے، ماریشس 111واں رکن ملک بنا
ایڈنبرا، 15 جولائی (ہ س): بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے اپنی سالانہ میٹنگ میں انتظامی امور، رکنیت اور رکن ممالک کی معاونت سے متعلق کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی۔ اجلاس میں کرکٹ کے عالمی فروغ اور رکن ممالک کے بہتر نظم و نسق کے لیے متع
آئی سی سی بورڈ کی سالانہ میٹنگ میں اہم فیصلے، ماریشس 111واں رکن ملک بنا


ایڈنبرا، 15 جولائی (ہ س): بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے اپنی سالانہ میٹنگ میں انتظامی امور، رکنیت اور رکن ممالک کی معاونت سے متعلق کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی۔ اجلاس میں کرکٹ کے عالمی فروغ اور رکن ممالک کے بہتر نظم و نسق کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے۔ آئی سی سی بورڈ نے دو نئی ذیلی کمیٹیوں کے قیام کی بھی منظوری دی۔

گورننس ریویو کمیٹی کا قیام

آئی سی سی نے گورننس ریویو کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری دیوجیت سیکیا کریں گے۔ اس کمیٹی میں کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈاکٹر محمد موساجی اور آئی سی سی کی آزاد ڈائریکٹر ڈاکٹر روز ریواز بھی شامل ہوں گی۔

اس کے علاوہ فرنچائز لیگس کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تمیم اقبال کریں گے۔ کمیٹی میں کرکٹ نمیبیا کے ڈاکٹر روڈی وان وورین، دیوجیت سیکیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے رچرڈ گولڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے ٹاڈ گرین برگ شامل ہیں۔

ماریشس کو 111واں رکن ملک بنانے کی منظوری

آئی سی سی نے ماریشس کو اپنا 111واں رکن ملک بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ کونسل کے مطابق یہ فیصلہ دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ممالک میں اس کھیل کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کو مالی امداد

آئی سی سی بورڈ نے کرکٹ ویسٹ انڈیز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر کے قرض کی منظوری دی ہے۔

کرکٹ کینیڈا کی معطلی برقرار

آئی سی سی بورڈ نے کرکٹ کینیڈا کی رکنیت بحال کرنے کے لیے ضروری شرائط کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم جب تک تمام شرائط پوری نہیں ہوتیں، کرکٹ کینیڈا کی معطلی برقرار رہے گی۔

سری لنکا کرکٹ پر بھی غور

آئی سی سی بورڈ نے سری لنکا کرکٹ کے نئے آئین کی تیاری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور جلد از جلد انتخابات کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس وقت تک سری لنکا کرکٹ کو آئی سی سی بورڈ کے اجلاسوں میں نمائندگی کا حق حاصل نہیں ہوگا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو منظوری

آئی سی سی بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نو منتخب صدر کو فل ممبر ڈائریکٹر کے طور پر باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

فرانس کرکٹ کو وارننگ

آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں فرانس کرکٹ کو رکنیت کے ضوابط کی خلاف ورزی پر باضابطہ انتباہ (آن نوٹس) پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande