
کانپور، 13 جولائی (ہ س)۔ ضلع کے مہاراج پور تھانہ علاقے میں پیر کی صبح، ایک تیز رفتار اسکارپیو کانپور-پریاگ راج قومی شاہراہ پر سروس لین میں کھڑے ٹرک سے ٹکر اگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اسکارپیو مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار افراد گاڑی کے اندر ہی پھنس گئے۔ ڈرائیور سمیت تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ نو افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
اطلاع ملتے ہی مہاراج پور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور بچاو اور راحت کا کام شروع کیا۔ اسکارپیو میں پھنسے افراد کو گاڑی کو گیس کٹر سے کاٹ کر بچا لیا گیا۔ تمام زخمیوں کو اس کے بعد کانشی رام ٹراما سینٹر بھیجا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ہالیٹ اسپتال ریفر کر دیا گیا،جہاں تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق اسکارپیو میں کل 12 افراد سوار تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ گاڑی کی تیز رفتاری تھی۔ یہ حادثہ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 20 کلومیٹر دور پریاگ راج کی طرف مہاراج پور علاقے میں پیش آیا۔ اسکارپیو ڈرا ئیور ہریانہ کے سرسا ضلع کے ڈنگ بڈی کے بجرنگ (45) ، بہار کے گیا ساکن دلکش کمار (11) اور ایک نامعلوم لڑکی کی موت ہوگئی۔ نو افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کی جانچ میں پتہ چلا کہ اسکارپیو ہریانہ کے سرسا سے بہار اور جھارکھنڈ جا رہی تھی۔ گاڑی میں دو خاندان سفر کر رہے تھے۔ وکیل یادو، جھارکھنڈ کے چترا ضلع سے، اپنے خاندان کے ساتھ واپس آ رہے تھے، جبکہ دوسرا خاندان گیا ضلع، بہار سے تھا۔ دونوں خاندانوں نے مل کر گاڑی بک کرائی تھی اور اتوار کی رات سرسا سے روانہ ہوئے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرک سروس لین میں کھڑا تھا۔ پیچھے سے آنے والی اسکارپیو سیدھی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے اسے تقریباً 13 کلومیٹر دور تیواری پور اوور برج کے قریب سے پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران مرزا پور کے رہنے والے ڈرائیور آدرش سنگھ نے بتایا کہ اس نے ٹرک سروس لین میں کھڑا کیا تھا اور آرام کر رہا تھا۔ حادثے کے بعد وہ گھبرا کر جائے وقوعہ سے چلا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ جتیندر پرتاپ سنگھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاو کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حکام کو زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی، جب کہ نو زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے اور دو کی حالت تشویشناک ہے۔ معاملے کی جانچ اور ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی