
بھوپال/مرینا، 13 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے مرینا ضلع کے ماتا بسیا تھانہ علاقے میں پیر کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ پتھروں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی نے عقیدت مندوں سے بھرے آٹو رکشا کو ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں ایک خاتون اور آٹو ڈرائیور سمیت تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو سالہ بچے سمیت پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ ان میں سے تین کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
پیر کی صبح تقریباً 10:30 بجے مرینا کے ماتا بسیا تھانہ علاقے میںبانمور وجے پورا سے کچھ عقیدت مندآٹو رکشا میں سوار ہو کر ما تا بسیا کے قریب بھومیہ بابا کے مندر کے درشن کے لیے آٹو رکشا میں جا رہے تھے۔ جیسے ہی آٹو رکشہ پاراسر کے تیواریہ کے پاس پہنچا تو مخالف سمت سے آرہی ایک پتھر سے لدی ٹریکٹر ٹرالی اس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ آٹو رکشہ بکھر گیا اور ٹریکٹر ٹرالی بھی توازن کھو کر سڑک پر الٹ گئی۔ ٹریکٹر سے گرنے والے پتھروں کے ڈھیر کے نیچے آٹو رکشا میں سوار کئی مسافر دب گئے جس سے بڑے پیمانے پر چیخ و پکار مچ گئی۔
اس حادثے میں 50 سالہ مہیندر ولد بابو لال راٹھور، 45 سالہ منورما بیوی راجندر راٹھور اور آٹو رکشا ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ماتا بسیا کی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے پتھروں کے نیچے دبے ہوئے افراد کو نکالا اور تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال بھیج دیا۔
ماتا بسیا پولیس اسٹیشن کے انچارج وویک تومر نے بتایا کہ آٹو میں آٹھ لوگ سوار تھے، جو ڈرائیور کے علاوہ سبھی رشتہ دار تھے۔ حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوئے: 24 سالہ سورج، مہندر راٹھور کا بیٹا، 2 سالہ ونشیکا بیٹی راہل، 11 سالہ گنجن بیٹی بھورا راٹھور ، 21 سالہ انجلی بیوی سورج راٹھور ، اور 45 سالہ مینا بیوی رام کرن راٹھور شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ