
پونے ، 13 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے پونے ضلع میں ساسود۔جیجوری روڈ پر واقع بیلسر ٹول پلازہ کے قریب پیر کی صبح ایک تیز رفتار ٹرک نے سات وارکری طبقے کے عقیدت مندوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں تین خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا علاج جیجوری کے سرکاری اسپتال میں جاری ہے۔ پونے دیہی پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وارکری طبقے کی خاتون عقیدت مند پیدل اپنے سفر پر گامزن تھیں۔ اسی دوران ایک بے قابو تیز رفتار ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی، جس سے تین خواتین جاں بحق اور چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت نندا پوار (60)، مادھوی راجارام سالگارے (55) اور راج شری شنکر بھوسلے (55) کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق سانگلی ضلع سے تھا اور وہ آشاڑھی واری یاترا میں شریک تھیں۔حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اسپتال پہنچ کر زیر علاج زخمی وارکریوں کی عیادت کی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر مہلوک کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں گی اور اگر کسی سرکاری اہلکار کی غفلت سامنے آئی تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت وارکریوں کے سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے