
حیدرآباد،11 جولائی (ہ س)۔
تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے شاد نگر منڈل کے گاؤں دیولا گوڈا میں ایک ہولناک واقعے میں ایک 28 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور دو چھوٹے بچوں سمیت چھ افراد کوقتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم،جس کی شناخت راج کمارکے نام سے ہوئی ہے، کو اس سے قبل 16 مئی کوایک نابالغ لڑکی اوراس کی ماں کی شکایت کے بعد جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ (پاکسو) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے لڑکی سے چھیڑچھاڑ کی ہے۔ بعد میں اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ راج کمار پہلے چاقو لےکر متاثرہ کے گھر گیا اور مبینہ طور پر نابالغ لڑکی، اس کی ماں لکشمی اوراس کی دادی رکما (65) پرحملہ کردیا۔ تینوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پرہی دم توڑ گئے۔ ملزم اس کے بعد اپنے گھر واپس آیا اور مبینہ طور پر اپنی بیوی سریتا (30) اور پانچ سال سے کم عمرکے اپنے دوبیٹوں پرحملہ کر دیا۔ وہ تینوں بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ملزم کے والدین نے، جنہیں اس واقعے کی اطلاع ملی تھی، فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ کمشنر آف پولیس ترون جوشی اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس یوگیش گوتم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ابتدائی تحقیقات کی نگرانی کی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق