
نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س)۔ کرناٹک کے اڈوپی ضلع میں ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹی آر اے آئی) کے ذریعہ کرائے گئے موبائل نیٹ ورک ٹیسٹ میں ریلائنس جیو کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا پایا گیا ہے۔ ٹیسٹ کے دوران، جیو نے ڈاون لوڈ اسپیڈ، نیٹ ورک کوریج اور کال کوالٹی جیسے زیادہ تر پیرامیٹرز پر دیگر کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا، جب کہ کوریج، کال ڈراپس اور ڈیٹا کی رفتار کے لحاظ سے پبلک سیکٹر بی ایس این ایل کی کارکردگی سب سے کمزور تھی۔
مرکزی وزارت مواصلات کے مطابق، ٹی آر اے آئی نے 17 اور 20 مارچ کے درمیان ضلع اڈوپی میں یہ موبائل نیٹ ورک ٹیسٹ کرایا۔ اس نے 535.5 کلومیٹر شہری راستوں، 15 بڑے ہاٹ اسپاٹ، 9.8 کلومیٹر پیدل چلنے کے ٹیسٹ ایریا اور ساحلی علاقوں میں موبائل سروسز کے معیار کا جامع جائزہ لیا،جس میں ایئرٹیل ، بی ایس این ایل، ریلائنس جیواور ووڈافون آئیڈیا کے نیٹ ورک کا جائزہ لیاگیا۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق، نیٹ ورک کوریج کے لحاظ سے، جیو کے 46,087 نمونوں میں سے صرف 4,561 نمونوں میں کمزور سگنل پائے گئے، جب کہ ایئرٹیل میں 5,304، ووڈافون آئیڈیا میں 11,219 اور بی ایس این ایل میں سب سے زیادہ 18,643 نمونے کمزور سگنل والے تھے۔ کال ڈراپس کے معاملے میں ایئرٹیل نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں 420 کامیاب کالوں میں صرف ایک کال ڈراپ ہوئی، وہیں جیو کے چار، ووڈافون آئیڈیا کے 13 اور بی ایس این ایل کے سب سے زیادہ 22 کال ڈراپ ہوئے۔
جیو نے کالز کے دوران آواز کی کمی کے لحاظ سے نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 402 کالوں میں 16 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ ایئرٹیل کے 30، بی ایس این ایل کے 22 اور ووڈافون آئیڈیا کے 32 واقعات درج کیے گئے۔ جیو نے 197.40 میگا بٹس فی سیکنڈ کی اوسط رفتار کے ساتھ ڈیٹا ڈاون لوڈ کی رفتار کے معاملے میں بھی قیادت کی، جب کہ ایئرٹیل کی ڈاون لوڈ کی رفتار 96.45، ووڈافون آئیڈیا کی 23.09 اور بی ایس این ایل کی صرف 5.65 میگا بٹ فی سیکنڈ تھی۔
ڈیٹا اپ لوڈ کی رفتار میں، ایئرٹیل 17 میگا بٹس فی سیکنڈ کے ساتھ سرفہرست ہے، جب کہ جیو کی اوسط اپ لوڈ کی رفتار 14.78، ووڈافون آئیڈیا کی 10.81 اور بی ایس این ایل کی 1.76 میگا بٹس فی سیکنڈ تھی۔ ساحلی علاقوں میں کئے گئے الگ الگ ٹیسٹوں میں (مالپے بیچ سے سینٹ میری جزیرہ اور کوڈی کائک پوائنٹ-سلیگرام روٹ)، بھی جیو نے 174.55 میگا بٹس فی سیکنڈ کی ڈاون لوڈ کی رفتار کے ساتھ قیادت کی، جب کہ ایئرٹیل کی رفتار 89.41، ووڈافون آئیڈیا کی 9.68 اور بی ایس این ایل کی 9.68 میگا بٹس فی سیکنڈ تھی۔
ٹرائی نے تحقیقات میں ا±ڈوپی ریلوے اسٹیشن، سری کرشنا مندر، منی پال، مالپے بیچ، کنڈا پورہ، کارکالا، پڈوبیدری اور بیندور سمیت کئی اہم مقامات کا احاطہ کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی