
ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں 10 جون کا دن سنہرے حروف میں درج ہے۔ اسی دن سال 1986 میں ہندوستان نے کرکٹ کے سب سے باوقار میدان لارڈز پر پہلی ٹیسٹ جیت حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی۔ کپتان کپل دیو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ایک یادگار کامیابی اپنے نام کی تھی۔
کرکٹ کی دنیا میں لارڈز کو ’’کرکٹ کا مکہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ ایسے تاریخی میدان پر جیت درج کرنا کسی بھی ٹیم کے لیے خاص فخر کی بات مانی جاتی ہے۔ سال 1986 کے دورہ انگلینڈ پر گئی ہندوستانی ٹیم سے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایسی شاندار جیت کی امید بہت کم لوگوں کو تھی، لیکن کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے سب کو چونکا دیا۔
میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 294 رن بنائے۔ اس کے جواب میں ہندوستانی بلے بازوں نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 341 رن بنا کر اہم برتری حاصل کی۔ پہلی اننگز کی برتری نے ہندوستان کو مقابلے میں مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
دوسری اننگز میں ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کو محض 180 رن پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے 134 رن کا ہدف تھا۔ ہندوستانی بلے بازوں نے دباو میں بھی خود اعتمادی کو برقرار رکھا اور پانچ وکٹیں کھو کر ہدف حاصل کر لیا۔
اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے نہ صرف لارڈز میں اپنا پہلا ٹیسٹ مقابلہ جیتا، بلکہ غیر ملکی سرزمین پر اپنی بڑھتی ہوئی طاقت کا بھی تعارف کرایا۔ یہ کامیابی ہندوستانی کرکٹ کی ترقی کی سمت میں ایک اہم پڑاو ثابت ہوئی اور آنے والی نسلوں کے کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ بنی۔
آج، چار دہائیوں بعد بھی لارڈز میں ملی یہ تاریخی جیت ہندوستانی کرکٹ شائقین کی یادوں میں تازہ ہے اور ہندوستانی کرکٹ کے شاندار ابواب میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1246 - ناصر الدین محمود شاہ دہلی کے تخت پر بیٹھا۔
1829 - برطانیہ کی آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی کے درمیان پہلی بوٹ ریس ہوئی۔
1848 - نیویارک اور شکاگو کے درمیان پہلا ٹیلی گراف لنک شروع ہوا۔
1931 - ناروے نے مشرقی گرین لینڈ پر قبضہ کیا۔
1934 - سوویت یونین اور رومانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات دوبارہ بحال ہوئے۔
1940 - اٹلی نے دوسری جنگِ عظیم کے دوران فرانس اور برطانیہ کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔
1946 - بادشاہت ختم ہونے کے بعد اٹلی جمہوری ملک بنا۔
1966 - فضائیہ کے لڑاکا طیارے ’مگ‘ کی مہاراشٹر کے ناسک ضلع سے بنانے کی تیاری شروع ہوئی۔
1971 - امریکہ نے چین پر عائد 21 سالہ تجارتی پابندی کو ختم کر دیا۔
1972 - ممبئی کی مڈگاوں بندرگاہ سے مکمل ایئر کنڈیشنڈ بحری جہاز ہرش وردھن کو سمندر میں اتارا گیا۔
1983 - برطانیہ میں مارگریٹ تھیچر دوبارہ وزیر اعظم بنیں۔
1999 - انڈونیشیا کے آزادی پسند رہنما جوس راموس ہورتا نے 23 سال بعد وطن واپسی کا اعلان کیا۔
1999 - جنیوا میں بین الاقوامی لیبر کانفرنس کا آغاز ہوا۔
2001 - نیپال نریش (شاہِ نیپال) قتل کیس کی تحقیقات کی مدت میں چار دن کی توسیع کی گئی، برلسکونی اٹلی کے وزیر اعظم مقرر ہوئے۔
2002 - اقوامِ متحدہ کی عالمی غذائی کانفرنس روم میں اختتام پذیر ہوئی۔
2003 - ناسا کا مریخ مشن روور لانچ کیا گیا۔
2005 - ہندوستان اور سری لنکا میں تعلیم اور کمیونٹی کی ترقی سے متعلق دو معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
2008 - 54 ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ کو بہترین مقبول فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔
2008 - مرکزی حکومت نے تینوں افواج کے لیے ’انٹیگریٹڈ اسپیس سیل‘ کا اعلان کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن